پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے کہا ہے کہ معروف اداکارہ ثمینہ احمد نہ صرف ان کی استاد ہیں بلکہ انہوں نے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں انہیں بے پناہ محبت، حوصلہ افزائی اور تحفظ بھی فراہم کیا۔
ثانیہ سعید نے حال ہی میں واسع چوہدری کے شو ’گپ شپ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے ثمینہ احمد کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلق اور ڈرامہ ’آہٹ‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے تجربات پر گفتگو کی۔
ثمینہ احمد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ سعید نے کہا کہ ’میں تھیٹر فیسٹیولز کے لیے ٹرین کے ذریعے لاہور جایا کرتی تھی۔ میرے پاس نہ رہنے کی جگہ ہوتی تھی اور نہ ہی زیادہ پیسے ہوتے تھے۔ اس پر میرے ابو کہتے تھے کوئی مسئلہ نہیں، ثمینہ وہاں موجود ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے کہا ’آپ نے یہ کیسے فرض کر لیا کہ میں ان کے گھر رہ سکتی ہوں؟ آپ نے ان سے پوچھا بھی نہیں۔ اس پر ابو نے جواب دیا، کوئی بات نہیں میں ان سے بات کر لوں گا‘۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں نوکری نہیں تو گرین بس میں کہاں جائیں؟ ثانیہ سعید کی سندھ حکومت پر سخت تنقید
ثانیہ سعید کا کہنا تھا کہ میں ان کے گھر رہتی تھی اور پورے تھیٹر فیسٹیول سے لطف اندوز ہوتی تھی۔ مجھے اپنے سینئرز سے بے پناہ محبت، شفقت اور تحفظ ملا اور میری خواہش ہے کہ یہی محبت اور حوصلہ افزائی میں بھی نئی نسل تک منتقل کروں۔ یہی لوگ ہمارے استاد اور ہمارے ادارے تھے۔
ثمینہ احمد ایک نہایت بہادر اور باہمت خاتون ہیں۔ ایک دن انہوں نے فیصلہ کیا کہ ’میں نے اپنے بچوں کی اکیلے پرورش کی، انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کر دیا، اب وہ اپنی زندگی خود سنبھال سکتے ہیں۔ مجھے ایک اچھا انسان ملا ہے میں اس سے شادی کر رہی ہوں اور اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہی ہوں‘۔ وہ واقعی ایک غیرمعمولی اور قابلِ تعریف خاتون ہیں اور میں ان سے بہت محبت کرتی ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر کو حلوہ کردار دیں گے تو وہ محنت نہیں کرے گی، اداکارہ ثانیہ سعید
ثانیہ سعید نے مزید بتایا کہ میں نے اپنے کیریئر کا آغاز ان کے ساتھ ڈرامہ آہٹ سے کیا لیکن میں انہیں اس سے پہلے ہی جانتی تھی کیونکہ وہ رفی پیر میں آرٹ ڈائریکٹر تھیں۔ رفی پیر ہمارے لیے ایک ادارے کی حیثیت رکھتا تھا اور یہ تمام لوگ ہمارے استاد تھے۔













