وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلتے ہیں تمام فیصلے اتحادیوں کے مشورے سے کرتے ہیں، ہمیں ان سے اکثر شکایت رہتی ہے کہ آپ اتحادیوں کو زیادہ اہمیت دہتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت نہ سنبھالتی تو ملک ڈٰیفالٹ کر جاتا، ایک سال سے زائد گزر چکا ہے وزیر اعظم شہباز شریف کی پوری ٹیم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ہے اور نئے منصوبوں کا آغاز کیا ہے جبکہ گزشتہ 4 سالوں میں ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔
وفاقی وزیراحسن اقبال نے نارروال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک نااہل شخص کو ملک پر مسلط کیا گیا جس کی اناڑی ڈرائیونگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان ہوا اور سرمایہ کار ملک سے بھاگ گئے۔
مزید پڑھیں
احسن اقبال نے کہا کہ مقدمات سے ڈر کر بھاگنے والوں نے اپنے دور میں سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، انہوں نے ملک کو ترقی دینے کے بجائے مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا بلکہ انتقامی کارروائیوں کے پاور ہاؤس لگائے گئے اور سیاسی مخالفین کو چن چن کر جیلوں میں ڈالا گیا۔
انہوں نے کہاکہ نوازشریف کے دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے ریکارڈ منصوبے لگائے گئے، جس کی بدولت ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوا، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا سی پیک جیسے منصوبے کا عوام کو تحفہ دیا، گزشتہ ایک سال کے دوران نئے منصوبوں کے ساتھ پرانے لگائے گئے منصوبوں کو بھی پایا تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔