بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں سیف علی خان اکثر ان کے پرس سے پیسے نکال لیتے تھے اور بعد میں وہی رقم راکھی کے موقع پر بطور تحفہ واپس کر دیتے تھے۔
صبا پٹودی نے اپنی بہن سوہا علی خان کے ہمراہ نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے یوٹیوب شو میں شرکت کے دوران بچپن کی دلچسپ یادیں تازہ کیں۔ گفتگو کے دوران سوہا علی خان نے بتایا کہ اگرچہ ان کا تعلق ایک شاہی خاندان سے تھا تاہم ان کی پرورش نہایت سادگی اور کفایت شعاری کے ماحول میں ہوئی۔ ان کے والد معمولی اخراجات کا بھی خاص خیال رکھتے تھے اور اکثر گھر میں نوٹس چھوڑتے تھے کہ غیر ضروری لائٹس بند رکھی جائیں تاکہ بجلی کا ضیاع نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سیف علی خان کو معذوری کا خوف، اداکار نے اصل صورتحال بیان کردی
سوہا کے مطابق جب وہ کسی دوست کے گھر جانے کی اجازت مانگتیں تو والد پیٹرول کے اخراجات کا حوالہ دیتے ہوئے انکار کر دیتے تھے۔ صبا پٹودی نے بتایا کہ انہیں اور سوہا کو 100 روپے جیب خرچ ملا کرتے تھے جبکہ اس وقت سیف علی خان انگلینڈ میں زیرِ تعلیم تھے۔ اس پر سوہا نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سیف ویسے بھی ان کے پیسے ’ادھار‘ لے لیتے تھے۔
صبا نے مزید بتایا کہ سیف علی خان کئی بار ان کے پرس سے خاموشی سے رقم نکال لیتے تھے اور بعد میں وہی رقم راکھی کے تحفے کے طور پر واپس کر دیتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گرل فرینڈ کو چھوڑنے سے انکار پر پہلی ہی فلم سے نکال دیا گیا، سیف علی خان
ان کے بقول ’میرے پرس سے 50 روپے غائب ہو جاتے تھے پھر راکھی پر وہی رقم تحفے میں ملتی تھی بعد میں سمجھ آیا کہ وہ پیسے کہاں گئے تھے‘۔
واضح رہے کہ سوہا علی خان اس سے قبل بھی متعدد انٹرویوز میں بتا چکی ہیں کہ ان کے والد منصور علی خان پٹودی شاہی پس منظر رکھنے کے باوجود مالی معاملات میں انتہائی محتاط تھے اور بچوں کو بھی بچپن سے سادگی اور کفایت شعاری کی تعلیم دیتے تھے۔














