بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ عرصے میں صوبے میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے لیکن حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشتگردوں کے خلاف بھرپور اور مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبہ میں دہشت گردی کیخلاف سیاسی اتفاقِ رائے پیدا کرنا ہوگا، وزیر داخلہ بلوچستان ضیاء اللہ لانگو
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہوتی ہے وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں جبکہ جن علاقوں میں وسیع پیمانے پر کارروائی ناگزیر ہو وہاں فل فلیج آپریشن کے ذریعے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ زیارت میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل خراش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ریاستی ادارے بھرپور انداز میں متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی بھی صورت قابل قبول نہیں اور اس کے پیچھے بیرونی عناصر کارفرما ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دہشتگردی کے لیے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ ہمسایہ ملک افغانستان کی سرزمین پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کو صرف دہشتگردی ہی نہیں بلکہ پروپیگنڈا وار کا بھی سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دشمن جھوٹی خبروں اور بے بنیاد افواہوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے تاہم بلوچستان کے عوام ایسے منفی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے والے نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں معمول کے سیکیورٹی خدشات ہمیشہ موجود رہتے ہیں تاہم اس وقت کسی قسم کی مخصوص یا غیر معمولی تھریٹ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیے: بلوچستان میں امن کے لیے سخت فیصلے، ہر دہشتگرد کا پیچھا کیا جائے گا، میر ضیا لانگو
انہوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کرفیو کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کسی بھی علاقے میں کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کرے گی تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اس لیے عوام غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور چند دہشتگرد عناصر کی کارروائیوں کی بنیاد پر پورے صوبے کے عوام کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کرے گی۔
مزید پڑھیں: افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہورہی ہے، مہاجرین کو اب اپنے ملک جانا ہوگا، وزیر داخلہ بلوچستان
صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے، صوبے میں پائیدار امن کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی نہیں بنا لیا جاتا۔












