چین کے مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے شدید سمندری طوفان ڈولفن کے پیش نظر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، 16 سو سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ تقریباً 5 لاکھ افراد کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ حکام نے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔
چین کے نیشنل میٹرولوجیکل سینٹر نے اتوار کی صبح طوفان ڈولفن کے حوالے سے سرخ الرٹ جاری کیا، جو ملک میں سمندری طوفان کے لیے سب سے شدید نوعیت کی وارننگ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اتوار کی رات یا پیر کے روز چین کے مشرقی ساحل سے ٹکرائے گا، اس دوران ہواؤں کی رفتار 162 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
🇨🇳 Shanghai has cancelled around 1,300 flights and relocated 300,000 people as China braces for Typhoon Dolphin.
Heavy rain is already hitting nearby Hangzhou, where markets are stripping away tent roofs and securing anything that could become dangerous in high winds.
Dolphin…
— Mario Nawfal (@MarioNawfal) August 9, 2026
ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق شنگھائی کے ہونگ چیاؤ اور پوڈونگ ایئرپورٹس پر اتوار کو تقریباً 1400 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جبکہ پڑوسی صوبے ژی جیانگ کے شہر ہانگژو کے ایئرپورٹ پر بھی اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی 270 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
حکام کے مطابق ژی جیانگ کے شہر تائی ژو میں ہفتے کی شام تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ شنگھائی کے حساس اور خطرے سے دوچار علاقوں سے 30 ہزار سے زائد افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:طاقتور طوفان ‘نول’ جنوبی چین سے ٹکرا گیا، لاکھوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
صوبہ فوجیان میں بھی ہفتے کی شام تک تقریباً 99 ہزار افراد کو خطرناک علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ طوفان کے باعث ژی جیانگ اور فوجیان میں 200 سے زائد فیری روٹس پر سروس معطل کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ژی جیانگ کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں غیر معمولی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جہاں بعض مقامات پر 250 سے 500 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ شنگھائی، شمالی فوجیان، شمال مشرقی جیانگ شی، وسطی و جنوبی انہوئی اور صوبہ جیانگ سو کے بیشتر علاقوں میں بھی پیر تک شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
Heavy flooding caused by Typhoon Dolphin in Shanghai, China 🇨🇳 (09.08.2026) pic.twitter.com/B8Ef5SS6ki
— Disaster News (@Top_Disaster) August 9, 2026
حکام نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ طوفانی ہوائیں ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چین میں داخل ہونے کے بعد طوفان کی شدت بتدریج کم ہونے اور اس کے اندرونِ ملک منتقل ہونے کا امکان ہے۔
طوفان ڈولفن کے بیرونی حصے ہفتے سے ہی شمالی تائیوان کو متاثر کررہے ہیں، جہاں دارالحکومت تائی پے سمیت مختلف علاقوں میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درجنوں فیری سروسز معطل جبکہ 180 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
اس سے قبل طوفان ڈولفن جاپان کے جنوبی صوبے اوکیناوا سے گزرا، جہاں طوفان کے باعث سات افراد زخمی ہوئے جبکہ 50 ہزار سے زائد عمارتوں کی بجلی متاثر ہوئی۔ اوکیناوا الیکٹرک پاور کمپنی کے مطابق اتوار کی دوپہر تک 5 ہزار 290 گھرانے بجلی سے محروم تھے۔













