بالی ووڈ اداکار گووندا نے اہلیہ سنیتا آہوجا کی جانب سے ماضی میں ان کے مبینہ افیئرز اور بے وفائی سے متعلق دیے گئے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔
سنیتا اہوجا متعدد مواقع پر اپنے شوہر کی ذاتی زندگی اور ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ مبینہ تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرچکی ہیں جبکہ حال ہی میں ریئلٹی شو ’لاک اَپ 2‘ میں بھی انہوں نے گووندا کے مبینہ افیئرز کا ذکر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا کو کب اور کس شرط پر معافی ملے گی؟ سنیتا آہوجا نے بتادیا
حالیہ گفتگو میں گووندا نے ان الزامات پر براہ راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ سنیتا کا انداز اگرچہ بعض اوقات سخت ہوتا ہے تاہم وہ ان کے رویے کو محبت کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وہ مجھے پیار سے گالیاں دیتی ہے‘۔
گووندا نے کہا کہ اگرچہ سنیتا ماضی میں ان کے بارے میں ایسی باتیں کرتی رہی ہیں تاہم وہ ان کے خاندان کے بچوں کی پرورش میں اہم کردار ادا کرچکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کا بڑا ’ یوٹرن‘
اداکار کے مطابق سنیتا انہیں پیار سے ڈانٹتی اور سخت الفاظ بھی کہتی ہیں جسے وہ برداشت کرلیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں ہر شخص کا اپنا ایک کردار اور مقام ہوتا ہے اور انسان اپنے اردگرد موجود لوگوں کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔
گووندا نے مزید کہا کہ ان کے خاندان کے کئی بچے اب بڑے ہوچکے ہیں اور سنیتا نے ان کی پرورش میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’گووندا اچھے شوہر نہیں… ہیروئینز کے ساتھ زیادہ وقت گزارا، اہلیہ سنیتا آہوجا
گووندا نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ سنیتا نے ان کے بارے میں عوامی سطح پر بات کرنا شروع کرنے کے بعد توجہ حاصل کی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنے ہی لوگوں کے بارے میں بری باتیں کرنا ضروری ہے؟
اداکار کا کہنا تھا کہ بعض اوقات لوگ کسی سے دوری پیدا کرنے یا کسی صورتحال سے نکلنے کے لیے دوسرے شخص پر الزام تراشی کرتے ہیں تاہم سنیتا کا انداز مختلف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا کا مراٹھی اداکارہ سے مبینہ معاشقہ، اہلیہ سنیتا آہوجا کا ردعمل سامنے آگیا
گووندا کے مطابق سنیتا پہلے چند الفاظ میں تعریف کرتی ہیں اور پھر تنقید شروع کردیتی ہیں تاہم وہ اس رویے میں بھی محبت محسوس کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سنیتا آہوجا نے حال ہی میں گووندا کے مبینہ افیئرز کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ محبت میں انسان کو بہت کچھ برداشت کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گووندا کی زندگی میں بہت سے افیئرز رہے ہیں اور فلمی دنیا میں ہیرو اور ہیروئنز کے درمیان ایسی چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گووندا اور سنیتا آہوجا کے مابین طلاق کی خبریں، وکیل بھی بول پڑا
سنیتا نے مزید کہا تھا کہ گووندا کا اتنے سال ساتھ دینے کے بعد وہ سمجھتی ہیں کہ انہیں ان جیسا بیٹا ملنا چاہیے۔
گووندا اور سنیتا آہوجا نے 1987 میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ اس وقت گووندا بالی ووڈ میں اپنی پہچان بنا چکے تھے۔ دونوں نے اپنے کیریئر کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریباً دو سال تک اپنی شادی کو خفیہ رکھا اور بیٹی ٹینا آہوجا کی پیدائش کے بعد اپنے رشتے کو عوامی سطح پر تسلیم کیا۔ بعد ازاں دونوں کے ہاں بیٹے یش وردھن اہوجا کی پیدائش ہوئی۔













