پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ، 2 کروڑ سے زائد افراد مستفید ہوں گے، عظمیٰ بخاری

پیر 10 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ 4 اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ اب تک 4 لاکھ 45 ہزار 582 بوتلیں گھرانوں میں تقسیم کی جاچکی ہیں، جن سے 2 لاکھ 84 ہزار افراد مستفید ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: سیشن کورٹ لاہور: عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست خارج

انہوں نے کہا کہ کئی کئی کلومیٹر پیدل چل کر پانی لانے والے خاندانوں کو 19 لیٹر پانی کی بوتلیں فراہم کی جارہی ہیں۔ پروگرام کو مرحلہ وار مزید اضلاع تک توسیع دی جائے گی اور آنے والے برسوں میں 2 کروڑ سے زائد افراد اس منصوبے سے مستفید ہوں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور کو دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم مزید کام کی ضرورت ہے۔ بعض افسوسناک واقعات کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے حقائق سامنے لانے چاہئیں۔ پنجاب حکومت غلطیوں کو دور کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بچی کے واقعے میں ڈی آئی جی آپریشنز نے پورے تھانے کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کی سفارش کی، جبکہ 2 بہنوں کے کیس کا عدالت نے نوٹس لیا ہے اور عدالت کی جانب سے تجویز کردہ سزا پر عمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے سندھ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ترقی کے دعووں اور زمینی حقائق میں واضح فرق نظر آتا ہے۔ سندھ کے بڑے اسپتالوں کی صورتحال سے متعلق حقائق جلد عوام کے سامنے لاؤں گی۔ ان کے مطابق سیاسی رہنماؤں کو دوسروں پر تنقید سے پہلے اپنی حکومت کی کارکردگی بھی دیکھنی چاہیے۔

مکہ معاہدے کی کامیابی متنازع بنانے کی کوشش افسوسناک ہے، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مخالفین کو ہر معاملے میں تنقید کے بجائے حقائق سامنے رکھنے چاہئیں۔ مکہ معاہدے کے فوراً بعد اس کے خلاف منفی مہم شروع کی گئی، حالانکہ معاہدے کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مکہ معاہدے کی کامیابی کو متنازع بنانے کی کوشش افسوسناک ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کے بیان پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: عظمیٰ بخاری کی پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی پر تنقید، سوشل میڈیا الزامات کا جواب دے دیا

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق سلمان اکرم راجا نے ارکان اسمبلی کو عدالت میں پیش ہونے کے لیے بلایا تھا، تاہم جو ارکان اسمبلی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، ان سے تنخواہوں میں سے رقم دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

سندھ میں گورننس بہتر کریں، پنجاب کو مشورے نہ دیں، عظمیٰ بخاری

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگانے والوں کو پہلے اپنی سیاسی تاریخ دیکھنی چاہیے۔ 40 سال سے پنجاب میں انتخابات نہ جیتنے والی جماعت ہر بار دھاندلی کا الزام لگانا شروع کردیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں گورننس کے مشورے دینے والوں کو پہلے سندھ میں اپنی کارکردگی بہتر کرنی چاہیے۔ سندھ میں نہ مناسب انفراسٹرکچر ہے اور نہ امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ 18 سال سے حکومت کرنے والے عوام کو ایک بوند صاف پانی تک فراہم نہیں کرسکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صرف 2 ماہ میں 4 اضلاع میں بوٹلنگ پلانٹس فعال کرکے ہزاروں خاندانوں تک صاف پانی پہنچایا ہے۔ جو لوگ اپنے صوبے میں سڑکیں، گلیاں اور نکاسی آب کا نظام بہتر نہیں کرسکتے، انہیں پنجاب کو گورننس کے بھاشن نہیں دینے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پولیس اور امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ نوجوانوں کو جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے پنجاب کو گورننس کے مشورے نہ دیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: شائقین کرکٹ کا پلے آف میچز اسٹیڈیم میں دیکھنے کی اجازت کا مطالبہ، عظمیٰ بخاری نے حمایت کردی

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک بار پھر منظم مہم کے ذریعے سیاسی بیانیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پی ٹی آئی کی کال پر نہ عوام نکلتے ہیں، نہ اس کے ارکان اسمبلی، ایسے میں احتجاج کی سیاست کیسے کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو پہلے اپنی جماعت کے اندر عوامی رابطہ اور سیاسی تنظیم مضبوط کرنی چاہیے۔ رات کو یہ کہنا کہ صبح لوگ اکٹھے ہوجائیں، سیاست اس طرح نہیں ہوتی۔ سلمان اکرم راجا نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پارٹی آج تک لوگوں کو بڑی تعداد میں اکٹھا نہیں کرسکی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp