سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائی کے دوران ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 اگست 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی ملک میں جاری انسداد دہشتگردی مہم کے تحت کی گئی، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی عناصر کا خاتمہ اور خطے میں مستقل امن کا قیام ہے۔
اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی ٹیموں نے ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) برآمد کیے، جنہیں موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
کارروائی کے فوری بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا تاکہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جاسکے۔
’فتنۃ الہندوستان‘ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ’عزم استحکام‘ کے وژن کے تحت انسداد دہشتگردی کی کارروائی بلا تعطل جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ ’عزم استحکام‘ کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی نے دی ہے اور اس وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور رفتار سے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔













