صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل عامر رضا کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نواز دیا۔
جنرل عامر رضا کو نشان امتیاز (ملٹری) دینے کی تقریب ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور اعلیٰ عسکری و سرکاری حکام نے شرکت کی۔
ایوان صدر میں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل عامر رضا کو نشان امتیازملٹری سے نواز دیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے انہیں نشان امتیازملٹری عطا کیا pic.twitter.com/QlkHMZPCSC
— WE News (@WENewsPk) August 11, 2026
مزید پڑھیں: نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ جنرل سید عامر رضا نشانِ امتیاز (ملٹری) کے لیے نامزد
صدر آصف علی زرداری نے 31 جولائی کو جنرل عامر رضا کو نشان امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری دی تھی۔
جنرل عامر رضا کو رواں سال جولائی میں وزیراعظم شہباز شریف کے اعلان کے مطابق چار ستارہ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔
نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کا عہدہ گزشتہ سال 27ویں آئینی ترمیم کے تحت تشکیل دیا گیا، جس کے نتیجے میں عسکری کمانڈ کے نظام میں اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ اس نئے عہدے کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے خاتمے کے بعد اسٹریٹجک اور جوہری امور سے متعلق ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے قائم کیا گیا۔
جنرل عامر رضا اس سے قبل ہلال امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت بھی حاصل کر چکے ہیں۔
نئی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل جنرل عامر رضا چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز تھے، جو پاک فوج کی اہم ترین آپریشنل ذمہ داریوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس حیثیت میں انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں ہونے والی تنظیمی تبدیلیوں اور گزشتہ سال بھارت کے ساتھ ہونے والی کشیدگی کے بعد فوجی ڈھانچے میں کی جانے والی تنظیم نو کے عمل کی نگرانی کی۔
اسی عرصے میں آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے قیام سمیت مختلف تنظیمی اقدامات بھی کیے گئے۔
جنرل عامر رضا کا تعلق آفیسرز ٹریننگ اسکول سے تربیت حاصل کرنے والے کیولری افسران سے ہے۔ انہیں 1988 میں 6 لانسرز میں کمیشن ملا۔ اپنے عسکری کیریئر کے دوران انہوں نے آرمرڈ رجمنٹ، آرمرڈ بریگیڈ، جنوبی وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ، انفنٹری ڈویژن اور لاہور میں قائم چوتھی کور کی کمانڈ کی۔
مزید پڑھیں: قومی اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل سید عامر رضا کی نیول اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقاتیں
جنرل عامر رضا ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں، جبکہ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور ٹو کور میں چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔
جنرل عامر رضا کی پیشہ ورانہ زندگی کا زیادہ تر حصہ روایتی عسکری آپریشنز اور فوجی صلاحیتوں کی ترقی سے متعلق ذمہ داریوں میں گزرا ہے۔














