’بالی ووڈ والی پلاسٹک سرجری نہیں کرائی، آپ بے فکر رہیں‘، فیس لفٹ پر تنقید کرنے والوں کو محمد احمد کا جواب

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سینئر اداکار اور ڈرامہ نویس محمد احمد نے چہرے کی ظاہری شکل بہتر بنانے کے لیے کروائے گئے فیس لفٹ کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا جواب دے دیا۔

محمد احمد کے فیس لفٹ کی ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مختلف آرا کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے ذاتی نگہداشت اور اپنی شخصیت کے حوالے سے فیصلہ کرنے پر اداکار کو سراہا جبکہ کچھ نے رائے دی کہ عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی قدرتی تبدیلیاں بھی اپنی خوبصورتی اور وقار رکھتی ہیں اور محمد احمد پہلے ہی بہتر نظر آتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف اداکار محمد احمد کی فیس لفٹ کروانے کی ویڈیو وائرل

ایک صارف نے محمد احمد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ آپ اب بھی بہت گریس فل لگتے ہیں تو پھر ایسے پروسیجر کے ذریعے خود کو تکلیف دینے کی کیا ضرورت تھی؟

اداکار نے صارف کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ وہ اپنی شخصیت تبدیل نہیں کر رہے بلکہ یہ ایک معمولی نوعیت کا پروسیجر ہے، جس کا مقصد ظاہری شکل کو بہتر بنانا ہے۔

محمد احمد نے کہا کہ میں خود کو تبدیل نہیں کر رہا، یہ ایک چھوٹا سا پروسیجر ہے جس سے آپ بہتر نظر آتے ہیں۔ میں نے بالی ووڈ والی پلاسٹک سرجری نہیں کرائی، آپ بے فکر رہیں۔

محمد احمد پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں جو اپنی منفرد اداکاری اور جاندار تحریروں کے باعث ناظرین میں خاص مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے اے صبا، عہدِ وفا، کچھ ان کہی، سن میرے دل، اے عشقِ جنون، اولاد، ہم تم، جڑواں، میرے پاس تم ہو اور پردیس سمیت متعدد مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

بطور مصنف بھی محمد احمد کئی کامیاب ڈرامے تحریر کر چکے ہیں جن میں کچھ ان کہی، تم سے کہنا تھا اور بارات سیریز قابلِ ذکر ہیں۔ وہ ان دنوں ڈرامہ سیریل ڈاکٹر بہو میں بھی اداکاری کر رہے ہیں جبکہ ڈرامہ ماں میں ان کی پرفارمنس کو بھی ناظرین کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp