بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے اپنے 35 سالہ فلمی کیریئر کے ابتدائی دور کا سب سے بڑا پچھتاوا بیان کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ایک دہائی تک صرف ایکشن فلموں میں کام کرنے کے بعد انہیں محسوس ہوا کہ انہوں نے خود کو ایک مخصوص کردار تک محدود کرلیا تھا۔
حالیہ انٹرویو میں 58 سالہ اکشے کمار نے کہا کہ جب انہوں نے اپنی ابتدائی فلموں پر نظر ڈالی تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ صرف ایکشن کردار ادا کر رہے ہیں جس پر انہیں ’خود کو تھپڑ مارنے‘ کا دل کرتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار اور فریدہ جلال کی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ ریلیز کے لیے تیار
اداکار کے مطابق ’ابتدا میں جب میں فلم انڈسٹری میں آیا تو میرا مقصد صرف پیسہ کمانا تھا لیکن ایک دہائی کے بعد جب میں نے اپنی فلمیں دیکھیں تو مجھے لگا جیسے خود کو تھپڑ ماروں۔ میں نے صرف ایکشن کردار کیے تھے اور کسی کو نہیں لگتا تھا کہ میں اس کے علاوہ کچھ اور بھی کرسکتا ہوں۔
اکشے کمار نے کہا کہ اسی احساس کے بعد انہوں نے خود کو تبدیل کرنے اور مختلف نوعیت کے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ’ہیرا پھیری‘، ’دھڑکن‘، ’مجھ سے شادی کرو گی‘، ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’پیڈ مین‘ جیسی فلموں میں مختلف کردار نبھا کر اپنی اداکاری کے نئے پہلو سامنے لائے۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کا بیٹا ودیا بالن سے کئی برس تک کیوں ڈرتا رہا؟
اداکار نے اپنے کیریئر کو ایک ایسی عمارت سے تشبیہ دی جسے وقتاً فوقتاً منہدم کرکے دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے آپ کو مسلسل نئے انداز میں پیش کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
35 سالہ طویل کیریئر پر بات کرتے ہوئے اکشے کمار نے کہا کہ اتنے عرصے تک فلم انڈسٹری میں برقرار رہنا ان کے لیے خوش قسمتی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کا کیریئر 40 سال سے بھی آگے جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ’یہ ناقابلِ قبول ہے‘، اکشے کمار کی بھارت میں نسل پرستی کے واقعات کی سخت مذمت
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر روز کام کرنا چاہتے ہیں اور سال میں متعدد فلمیں کرنے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں تاکہ فلم انڈسٹری میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کام ملے اور کاروبار جاری رہے۔ ان کے مطابق فلموں کی کامیابی یا ناکامی کاروبار کا حصہ ہے، تاہم انہیں اپنا کام جاری رکھنا ہے۔
اکشے کمار ان دنوں اپنی نئی کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی ریلیز کے حوالے سے خبروں میں ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ روینہ ٹنڈن، دیشا پٹانی، سنیل شیٹی، پریش راول، ارشد وارثی، جیکی شروف اور راجپال یادیو سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔














