بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے اپنی آنے والی کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی کامیڈی فلم اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک اداکار اپنی انا (ایگو) کو ایک طرف رکھ کر خود پر ہنسنے کے لیے تیار نہ ہوں۔
رواں ہفتے جمعہ کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی تشہیری مہم کے سلسلے میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں اکشے کمار اور ان کی ساتھی اداکارہ فریدہ جلال نے فلم کے مزاحیہ انداز پر کھل کر بات کی۔ اس فلم کو ’فیک فلم، رئیل جنگل، رئیل ڈینجر، رئیل ایڈیٹس‘ کے دلچسپ جملے کے ساتھ پروموٹ کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کا بیٹا ودیا بالن سے کئی برس تک کیوں ڈرتا رہا؟
اس وائرل جملے پر چٹکی لیتے ہوئے اکشے کمار نے مذاقاً کہا کہ ایک فلم ’تھری ایڈیٹس‘ تھی لیکن یہ ’32 ایڈیٹس‘ ہیں جو کہ ایک انتہائی تفریحی فلم ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ اس مبینہ فیک فلم کو فلاپ ہونے کے لیے 2,000 کروڑ روپے دیے گئے تھے، اب اس کے اندر کیا ہوتا ہے یہ تو آپ کو فلم دیکھ کر ہی پتہ چلے گا۔
اکشے کمار نے واضح کیا کہ فلم میں اداکاروں نے اپنے اسکرین امیج کو سنجیدہ لینے کے بجائے خود کا مذاق اڑایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں میرا اپنا کردار مجھے نیچا دکھاتا ہے کیونکہ وہ مجھے پسند نہیں کرتا، حتیٰ کہ فلم میں جیکی شروف کا ایک ڈائیلاگ ہے کہ ’میں نے تمہیں پہلے کہیں دیکھا ہے‘ جو فلاپ فلموں کے کام کرنے کے انداز پر ایک طنز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ چیزوں کو ذاتی طور پر لینا شروع کر دیں تو کبھی اچھی فلم نہیں بنا سکتے، اس لیے کامیڈی کے لیے ہلکا پھلکا انداز اپنانا ضروری ہے۔ اکشے کمار نے انکشاف کیا کہ ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ سینیئر اداکارہ فریدہ جلال کے کیریئر کی پہلی مکمل کامیڈی فلم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اکشے کمار کے ساتھ فلم کی پیشکش کیوں مسترد کی؟ مدیحہ شاہ کا حیران کن انکشاف
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فریدہ میم کو ہمیشہ سنجیدہ اور جذباتی کرداروں میں روتے ہوئے دیکھا ہے، یہاں تک کہ انہوں نے 1994 کی فلم ’اعلان‘ میں میری ماں کا یادگار کردار ادا کیا تھا جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس فلم کے تمام اداکاروں میں سے تماشائی فریدہ جلال کو سب سے زیادہ یاد رکھیں گے کیونکہ انہوں نے پہلے کبھی ایسی کامیڈی نہیں کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فریدہ جلال نے فلم کا حصہ بننے کا کریڈٹ ہدایت کار احمد خان کو دیا اور کہا کہ احمد میرے بیٹے کی طرح ہیں اور میں ان کے لیے یہ فلم ہر حال میں کرنا چاہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جب احمد خان نے مجھے فلم کی کہانی سنائی تو میں بہت پرجوش ہو گئی تھی۔
فریدہ جلال نے دورانِ انٹرویو اکشے کمار کا بھی شکریہ ادا کیا اور محبت بھرے انداز میں کہا کہ میرے پیارے، تم نے فلم کے دوران میرے لیے جو کچھ بھی کیا، اس کے لیے میں تم سے بہت پیار کرتی ہوں۔ اپنی بڑی کاسٹ اور بالی ووڈ کے روایتی انداز سے ہٹ کر خود کا مذاق اڑانے کے باعث یہ فلم شائقین کے لیے ایک بہترین تفریح ثابت ہوگی۔














