ریاست ناگالینڈ کی ایک ناگا خاتون نے کہا کہ ناگا عوام بھی 14 اگست کو یومِ آزادی کے طور پر مناتے ہیں اور برطانوی راج سے آزادی کے بعد بھارتی حکمرانی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایک ناگا خاتون نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناگا عوام بھی 14 اگست کو اپنا یومِ آزادی سمجھتے ہیں اور بھارتی حکمرانی سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ویڈیو پیغام میں خاتون نے کہا کہ ناگا عوام نے اسی روز برطانوی راج سے آزادی حاصل کی تھی، تاہم برطانوی انخلا کے بعد بھارت نے ان کے علاقے پر دوبارہ قبضہ کر لیا۔
خاتون نے ناگا عوام کی آزادی کی جدوجہد کا موازنہ کشمیریوں اور سکھوں کی تحریکوں سے کرتے ہوئے عالمی برادری سے ناگا عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناگا قوم کی اپنی تاریخ، ثقافت، زبان، سرزمین اور فوج ہے اور وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
انہوں نے بھارتی حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بھارتی پرچم کو قبضے کی علامت قرار دیا اور اسے نذرِ آتش کیا۔ انہوں نے مہاتما گاندھی سے منسوب ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ناگا عوام کو اپنے مستقبل کا تعین کرنے اور آزادانہ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
ناگا خاتون نے پاکستانی عوام سے ناگا جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ناگا عوام آزادی کے حصول تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔













