کراچی کے مشہور مصطفیٰ عامر قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے کیس سمیت 5 مقدمات میں ملزمان کے خلاف مشترکہ فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔
مزید پڑھیں: کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس میں چھاپے کے دوران زخمی ہونے والا پولیس افسر چل بسا
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت 5 مقدمات کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کو سیشن عدالت منتقل کرنے کے لیے ملزم کی درخواست مسترد کردی۔
سماعت کے دوران عدالت نے مدعی مقدمہ کی جانب سے مقدمات کا مشترکہ ٹرائل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
عدالت نے ملزم ارمغان اور دیگر کے خلاف پانچوں مقدمات کو یکجا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان پر مشترکہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے تاریخ بھی مقرر کردی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم شیراز کی درخواست ضمانت پر دلائل بھی طلب کرلیے۔
مزید پڑھیں: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کو پیکا ایکٹ کے مقدمے میں ضمانت مل گئی
بعد ازاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت پانچوں مقدمات کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔













