انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سعود شکیل کا اعتماد بحال، وارم اپ میچ میں سینچری جڑ دی

اتوار 16 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے تجربہ کار ٹیسٹ بلے باز سعود شکیل نے کہا ہے کہ پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ میں سینچری نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کا اعتماد بڑھایا ہے، تاہم ان کے مطابق ٹیسٹ میچوں میں حالات پریکٹس میچ سے مختلف چیلنج پیش کرسکتے ہیں۔

سعود شکیل نے ہفتے کو کینٹ میں پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف سینچری اسکور کی۔ یہ میچ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں کا آخری مرحلہ تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ ٹیم پر کرفیو نہیں ہوگا، جو روٹ نے کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کردیا

بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے سعود شکیل نے کہاکہ میچ کے ابتدائی دنوں میں پچ پر بیٹنگ قدرے مشکل تھی، تاہم 2 دن گزرنے کے بعد اس میں بہتری آگئی۔

انہوں نے کہاکہ پہلے ٹیسٹ میں پچ اور موسم کی صورتحال کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے، تاہم کینٹ میں موجود حالات کو دیکھتے ہوئے پچ قدرے خشک تھی اور گیند نے اسپن بھی حاصل کیا۔

سعود شکیل، جو ماضی میں یارکشائر کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں، نے کہا کہ ہیڈنگلے کی پچ کینٹ سے مختلف ہوسکتی ہے اور وہاں گیند کو زیادہ باؤنس ملنے کی توقع ہے۔

ان کے مطابق یارکشائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہیں ہیڈنگلے کی صورتحال کا کچھ تجربہ ہے اور وہاں پچ پر اضافی باؤنس دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

سعود شکیل نے کہاکہ انگلینڈ میں رواں موسم گرما کے حالات کو دیکھتے ہوئے پچ خشک رہنے کا امکان موجود ہے، جس سے اسپنرز کو بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی ایک انداز کے حالات کو سامنے رکھ کر تیاری نہیں کررہا بلکہ ٹیم کو تیز گیند بازی یا اسپن، دونوں طرح کی صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

پاکستان کو حالیہ برسوں میں بیرون ملک ٹیسٹ میچوں میں کامیابی کے لیے مشکلات کا سامنا رہا ہے، تاہم سعود شکیل کا کہنا ہے کہ ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز کو بھی ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے اور کامیابی حاصل کرنے کے ایک نئے موقع کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ چاہے ٹیسٹ اپنی سرزمین پر کھیلا جائے یا بیرون ملک، ہر میچ ایک نیا چیلنج لے کر آتا ہے اور یہی ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے۔

سعود شکیل نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہوگی کہ انگلینڈ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچز جیتے جائیں۔

پاکستانی بیٹنگ کے انداز کا دیگر ٹیموں کے ساتھ موازنہ کرنے کی اہمیت کو مسترد کرتے ہوئے سعود شکیل نے کہاکہ ٹیم اپنی حکمت عملی پچ کی صورتحال اور میچ کی ضرورت کے مطابق طے کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں حالات اور میچ کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ کرنا ضروری ہے، اس لیے قومی ٹیم بھی صورتحال کے مطابق اپنا کھیل پیش کرےگی۔

وارم اپ میچ میں سینچری سعود شکیل کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان کی بیٹنگ پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

سعود شکیل نے حالیہ دورہ ویسٹ انڈیز میں پاکستان کی کامیابی کو بھی ٹیم کے اعتماد میں اضافے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ بیرون ملک ٹیسٹ میچ جیتنا ہمیشہ بہت بڑا حوصلہ دیتا ہے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہوا۔

ان کے مطابق قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی اسی کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی اوپنرعبداللہ فضل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

سعود شکیل نے کھلاڑیوں پر ہونے والی تنقید کو بھی ٹیسٹ کرکٹ کے سیکھنے کے عمل کا حصہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی اسی مقصد کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور اپنی صلاحیتوں میں بہتری لائیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹیم دستیاب وسائل اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری کرےگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

باپ نے سیلفی کے بہانے ایک سالہ بیٹی کو دریا میں پھینک دیا

وزیراعلیٰ بلوچستان کا تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر کی مدد کرنے والے نوجوان اور بھائی کے لیے ملازمت کا اعلان

ریاست کے خلاف بولنے والے دہشتگردی پر خاموش، اسما جتک کیس میں انصاف ہوگا، مینا مجید، راحیلہ حمید

فحش گانے کس کے دباؤ  میں آکر گائے؟ معروف گلوکار کمار سانو کا اہم انکشاف

بھارت کے اہم اپوزیشن سیاست دان نے پارٹی دفتر میں مبینہ خود کشی کرلی

ویڈیو

آزاد کشمیر میں موجودہ صورتحال تشویشناک ہے، ماضی کی حکومتوں نے ذمہ داری نہیں نبھائی، نواز شریف

آبنائے ہرمز پر ایران کا قبضہ برقرار، عوام مہنگے پیٹرول کے لیے تیار ہوجائیں، صدر ٹرمپ کا امریکیوں کو پیغام

ایٹمی پلانٹ بچانے کی انوکھی تدبیر، ہنگری کا ندی میں 2 بڑے بحری جہاز ڈبونے کا فیصلہ

کالم / تجزیہ

انکار کا اعزاز

چربیلی آگ پر چل کر سچائی ثابت کرنا

مایوس ہونے سے پہلے یہ حساب کتاب بھی کر لیں