شمال مغربی اسپین میں موسلا دھار بارش کے بعد اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، 2 خواتین جان کی بازی ہار گئیں جبکہ 2 شیرخوار بچے معمولی زخمی ہوئے۔
منزانیدو دے والدویسا میں مٹی، پتھروں اور کیچڑ کا ریلا گھروں اور گاڑیوں کو بہا لے گیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ 7 علاقوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمال مغربی اسپین کے علاقے کاسٹیل اینڈ لیون کے گاؤں منزانیدو دے والدویسا میں شدید بارش کے باعث اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی۔
یہ بھی پڑھیں:طوفان ’ملیسا‘ سے امریکا میں اربوں ڈالرز کی تباہی کا خدشہ، ہنگامہ حالات کا اعلان
بارش کے نتیجے میں مٹی، پتھروں اور کیچڑ کا ایک بڑا ریلا آبادی میں داخل ہوگیا، جس کی زد میں آکر تقریباً 60 اور 80 سال کی 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔ ریلے نے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچایا جبکہ مکانات اور دیگر ڈھانچوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
A severe localized downpour triggered a sudden flash flood and landslide in northwestern Spain on Saturday evening, killing two women and injuring two young children.
Read more: https://t.co/lXDUphKBRG pic.twitter.com/ZY8GTzUkkT
— Roya News English (@RoyaNewsEnglish) August 15, 2026
قریبی گاؤں بوزاس میں بھی شدید بارش اور سیلاب کے باعث تباہی ہوئی، جہاں امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں شروع کردیں۔
حادثے کے دوران 2 شیرخوار بچے بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق بچوں کو معمولی نوعیت کے زخم آئے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ایک بزرگ شہری کے لاپتا ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی تھی تاہم بعد میں انہیں بحفاظت تلاش کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں:شدید بارشیں اور لینڈ سلائیڈنگ؛ مظفرآباد کے حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی، نئی تاریخ آج جاری ہوگی
ریسکیو اہلکاروں، فائر فائٹرز اور سول گارڈ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبہ ہٹانے، متاثرین کی مدد اور نقصان کا جائزہ لینے کا کام شروع کردیا ہے۔
تباہ کن بارشوں کے بعد اسپین کی سول پروٹیکشن سروس نے وسطی اور شمالی اسپین کے 7 علاقوں میں شدید بارش اور طوفانی موسم کے حوالے سے زرد الرٹ جاری کردیا ہے۔
Flash floods KILL two women in northern Spain — Reuters
Two babies were injured as torrential rain hit northwestern Spain, with seven regions on yellow alert pic.twitter.com/AyG73zgMqQ
— Michael Ashura (@MichaelAshura) August 16, 2026
حکام نے شہریوں کو ممکنہ سیلاب، شدید بارش اور دیگر خطرات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
اسپین میں شدید بارشوں کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک کے مختلف حصے گزشتہ کئی ہفتوں سے ریکارڈ توڑ گرمی اور تباہ کن جنگلاتی آگ کی لپیٹ میں رہے ہیں۔
شدید گرمی نے کئی علاقوں میں درجہ حرارت کو غیر معمولی سطح تک پہنچا دیا تھا، جس کے بعد بڑے پیمانے پر جنگلاتی آگ نے صورتحال مزید سنگین کردی۔
اب اچانک شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے ملک کے وسطی اور شمالی علاقوں میں ایک نئی قدرتی آزمائش پیدا کردی ہے۔













