آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات 24 اگست کو کرانے کا شیڈول جاری کردیا، جبکہ خواتین، علما و مشائخ، اوورسیز اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوں گے، جن میں خواتین کی 5، علما و مشائخ کی ایک، بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی ایک اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کی ایک نشست شامل ہے۔
شیڈول کے مطابق امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے، جبکہ اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال اور درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر مشاورت
کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک دائر کی جاسکیں گی، جن پر الیکشن کمیشن 22 اگست کو سماعت کرکے فیصلے کرے گا۔ امیدوار 23 اگست کو دوپہر 2 بجے تک کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکریٹریٹ چتر کلاس مظفرآباد میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی، ماریہ ترانہ، سحرش قمر اور نثارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں۔
اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے مسلم لیگ ن برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے، تاہم حاجی احسان دانش کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں حکومت سازی، نواز شریف کے خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویوز
ذرائع کے مطابق علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام زیر غور ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت میں 12 وزرا شامل ہوں گے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 6 مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق مشیر کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں کے امیدواروں یا کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا، جبکہ مخصوص نشستوں کے نتائج سے حکومت سازی میں مسلم لیگ ن کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔













