مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے۔ 5 مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو مظفرآباد میں ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اتوار کو مری میں آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) قانون ساز اسمبلی کی خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے پارٹی ٹکٹ کے امیدواروں کے انٹرویوز کیے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس، آزاد کشمیر میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر مشاورت
پارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قیادت نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں خواتین کے ’فعال اور اہم ‘ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی عمل میں خواتین کی بھرپور شرکت جمہوری عمل کے استحکام کے لیے خوش آئند ہے۔ امیدواروں کے انفرادی انٹرویوز 5 سے 10 منٹ تک جاری رہے۔ ان امیدواروں میں مظفرآباد سے مریم کشمیری، پونچھ سے نصیرہ عظیم خان، سدھنوتی سے سحرش قمر، نیسارہ عباسی، میرپور سے مریم ادریس، مظفرآباد سے ماریہ اقبال ترانہ اور کوٹلی سے زریدہ نثار شامل تھیں۔
مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 براہِ راست منتخب نشستوں میں سے 25 نشستیں جیتی ہیں، جبکہ ایک اتحادی رکن کی حمایت بھی حاصل ہے۔ پارٹی کو توقع ہے کہ وہ خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 4 حاصل کر لے گی، جبکہ دیگر 3 مخصوص نشستیں بھی مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ 5 خواتین، علما و مشائخ، بیرون ملک مقیم ریاستی باشندوں اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پیشہ ور افراد کے لیے مختص ایک ایک نشست پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مظفرآباد کے سول سیکریٹریٹ میں واقع قانون ساز اسمبلی ہال میں ہوگی۔ امیدوار 20 اگست کو کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے، جبکہ حتمی امیدواروں کی فہرست 23 اگست کو جاری کی جائے گی۔














