وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے۔
مزید پڑھیں:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کے پی اور بلوچستان کے تاجروں کی ملاقات، کیا کچھ زیربحث آیا؟
محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا ہمارا ہدف ہے، ہر ذیلی ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا ہے۔ عوام کو بہترین سہولتیں اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام اداروں کو اپنے اہداف کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم ہونے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا اور تمام اداروں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ سب اداروں کو مل کر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کرنا ہوگی۔
انہوں نے تمام اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سیکیورٹی اور سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ اپنے متعلقہ اداروں کا دو سالہ جامع ٹرانسفارمیشن پلان پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔@KulAalam @HussainAhmedCh8 pic.twitter.com/4xhARdUCcr
— Media Talk (@mediatalk922) August 17, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ ادارے خودمختار اور بااختیار ہونے چاہئیں اور انہیں اپنے فیصلے خود کرنا ہوں گے، ہر معاملہ وزارت داخلہ کو بھیجنے کی ضرورت نہیں۔ جہاں ضرورت ہو، قوانین میں ضروری ترامیم اور اصلاحات کی تجاویز فوری پیش کی جائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر تھا، ہم نے اس سوچ کو بدلا ہے۔ تمام اداروں کو ٹارگٹ بیسڈ، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں:جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے، ملک ایسے ہی چلتا رہے گا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
اجلاس میں وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی اے، ایم ڈی لینڈ پورٹ اتھارٹی، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، چیف کمشنر اسلام آباد و آئی جی اسلام آباد پولیس، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور وفاقی پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔














