سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس آج، 111 نکاتی ایجنڈا جاری

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹ اور قومی اسمبلی کے الگ الگ اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوں گے، جن میں قانون سازی سمیت قومی اور بین الاقوامی اہمیت کے امور پر بحث کی جائے گی۔

سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 4 بجے جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ایوانوں کے اجلاسوں کے لیے مجموعی طور پر 111 نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:صدر مملکت نے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس طلب کرلیے

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بھی اسپیکر لاؤنج میں سہ پہر 4 بجے ہوگا۔ اسپیکر کی زیر صدارت اجلاس میں موجودہ سیشن کے دورانیے اور ایوان کی کارروائی کے لیے بزنس کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حکومت اور اپوزیشن کے رہنماؤں کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے 42 نکاتی ایجنڈے میں اسلام آباد میں پانی کی قلت، واٹر پیوریفکیشن پلانٹس کی تنصیب اور شکرپڑیاں میں قومی عجائب گھر کے لیے اراضی کی الاٹمنٹ میں تاخیر سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔

ایوان میں ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس، نیچرل گیس سرچارج اور گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سمیت مختلف ترمیمی بلز بھی پیش کیے جائیں گے۔

قائمہ کمیٹیاں انشورنس بل اور کاپی رائٹ ترمیمی بل سمیت مختلف بلز پر اپنی رپورٹس پیش کریں گی، جبکہ سینیٹ سے منظور شدہ ٹریول ایجنسیز ایکٹ، پاکستان ٹورسٹ گائیڈز ایکٹ اور موشن پکچرز آرڈیننس میں ترامیم کے بلز بھی حتمی منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔

سینیٹ کے 69 نکاتی ایجنڈے میں لوک ورثہ، نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی، سول سرونٹس ایکٹ اور ایریا اسٹڈی سینٹرز سمیت مختلف امور پر قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:سینیٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ قائمہ کمیٹی کا اجلاس شروع، 27ویں آئینی ترمیم زیر بحث

سینیٹ میں اسلام آباد میں ڈسپوزایبل سرنجوں کے استعمال کو کنٹرول کرنے اور فوجداری قوانین میں ترامیم کے بلز بھی زیر غور آئیں گے۔

ایوان بالا میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ بے ضابطگیوں، زچگی کے دوران خون بہنے سے اموات، تجارتی خسارے، پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور مون سون سیلاب سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کی تیاریوں سمیت اہم عوامی امور پر بحث ہوگی۔

سینیٹ کے ایجنڈے میں انسانی حقوق، رواداری اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے ائمہ و خطیبوں کی تربیت اور شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادیں بھی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp