گوگل نے اپنے مصنوعی ذہانت کے اسسٹنٹ جیمینائی کو مزید کارآمد بنانے کے لیے 13 نئی تھرڈ پارٹی ایپس سے منسلک کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد صارفین اسسٹنٹ کو استعمال کرتے ہوئے تفریح، مقامی خدمات، موسیقی اور روزمرہ کے کاموں سے متعلق مزید سہولتیں حاصل کر سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل کی جیمینائی ایپ کی بڑی کامیابی، صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرگئی
گوگل کے مطابق نئی منسلک ایپس آئندہ چند ہفتوں کے دوران مرحلہ وار جیمینائی میں دستیاب ہوں گی۔ ان میں ٹکٹ ماسٹر، زوک ڈاک، پنڈورا، آئی ہارٹ ریڈیو، وِکس، اوٹر اے آئی اور گرینولا سمیت دیگر پلیٹ فارمز شامل ہیں۔
گوگل نے ایک مختصر بلاگ پوسٹ میں ان نئی سہولتوں کو جیمینائی کے لیے منسلک ایپس کی ایک نئی فہرست قرار دیا ہے۔
کون سی نئی ایپس شامل ہوں گی؟
نئی ایپس مختلف شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں۔ پیداواری صلاحیت سے متعلق ایپس میں گرینولا، اوٹر اے آئی اور وِکس شامل ہیں جبکہ تفریح اور مقامی خدمات کے لیے فیور، گیٹ یور گائیڈ، لوکلائزا، اوپن ٹیبل اور ٹکٹ ماسٹر کو جیمینائی سے منسلک کیا جائے گا۔
موسیقی کے شوقین صارفین کے لیے آئی ہارٹ ریڈیو اور پنڈورا بھی جیمینائی کے ساتھ کام کریں گے۔
اس کے علاوہ خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز اینجی، تھمب ٹیک اور زوڈاک بھی نئی فہرست کا حصہ ہیں۔
مزید پڑھیے: گوگل نے میٹا پر جیمینائی اے آئی ماڈلز کے استعمال کی حد مقرر کردی
یہ نئی ایپس جیمینائی سے پہلے سے منسلک متعدد پلیٹ فارمز کے علاوہ ہوں گی۔ ان میں کینوا، گٹ ہب، گوگل ہوم، انسٹاکارٹ اور واٹس ایپ شامل ہیں۔
جیمینائی کا مقصد کیا ہے؟
ان نئی شراکت داریوں کے ذریعے گوگل جیمینائی کو صرف سوالات کے جواب دینے والے مصنوعی ذہانت کے اسسٹنٹ تک محدود رکھنے کے بجائے اسے صارفین کی ڈیجیٹل زندگی کے مختلف کاموں کے لیے ایک مرکزی انٹرفیس بنانا چاہتا ہے۔
یعنی صارفین کو مختلف کاموں کے لیے بار بار الگ الگ ایپس کھولنے کے بجائے جیمینائی کے ذریعے ان سروسز تک رسائی حاصل کرنے کے مزید مواقع مل سکیں گے۔
مثلاً موسیقی سننے، مقامی خدمات تلاش کرنے، کسی سرگرمی یا ٹکٹ سے متعلق معلومات حاصل کرنے یا دیگر روزمرہ کے کاموں میں جیمینائی زیادہ فعال کردار ادا کر سکے گا۔
اوپن ٹیبل برطانیہ تک پہنچ گیا
نئی توسیع میں اوپن ٹیبل کی علاقائی دستیابی بھی شامل ہے۔ یہ ریسٹورنٹ ریزرویشن پلیٹ فارم پہلے ہی امریکا میں جیمینائی کے ذریعے دستیاب تھا تاہم گوگل کے مطابق نئی توسیع کے بعد برطانیہ کے صارفین بھی جیمن جیمینائی ی کے ذریعے اوپن ٹیبل کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔
گوگل نے تاہم ہر نئی ایپ کے لیے الگ الگ لانچ کی تاریخیں نہیں بتائیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ تمام منسلک ایپس آئندہ چند ہفتوں کے دوران صارفین کے لیے دستیاب ہونا شروع ہوجائیں گی۔
مزید پڑھیں: چیٹ جی پی ٹی اور جیمینائی میں عجیب خامی سامنے آگئی، صارفین حیران
یعنی جیمینائی کی دوڑ اب صرف بہتر جواب دینے تک محدود نہیں رہی بلکہ گوگل اسے ایسا مصنوعی ذہانت کا معاون بنانا چاہتا ہے جو صارف کے لیے مختلف ایپس اور آن لائن خدمات کے درمیان رابطے کا ذریعہ بھی بن سکے۔














