پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے قیدیوں کے لیے 40 کروڑ روپے دیے تھے، جبکہ تقریباً 50 کروڑ روپے بیرون ملک سے آئے تھے۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شاندانہ گلزار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نہ بیرون ملک کوئی اکاؤنٹ ہے اور نہ ہی یہاں، جن لوگوں کے پاس قیدیوں کے لیے رقم آئی، انہیں بھی معلوم ہے کہ پیسہ کہاں خرچ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، شاندانہ گلزار کا علیمہ خان کے انٹرویو پر سخت ردعمل
شاندانہ گلزار نے کہا کہ ہم جھوٹی این جی اوز بنا رہے ہیں، جب آپ تہمت لگائیں گے تو پھر سچائی سے پردہ اٹھے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ این جی اوز کے نام بتائے جائیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ پیسے کن لوگوں میں تقسیم ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب 26 اکتوبر کے قیدی جیلوں میں مار کھا رہے تھے تو ہم نے جا کر انہیں نکالا، اس وقت این جی اوز اور بڑی بڑی باتیں کرنے والے کہاں تھے؟
میں آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں، میں نے قیدیوں کے لیے 50 نہیں 90 کروڑ کہا تھا۔ جن لوگوں کے پاس آیا ان کئی بھی پتہ ہے کہ ہم نے پیسہ کہاں لگایا ہے۔ ہم لوگ جھوٹی این جی اوز بنا رہے ہیں۔ جب آپ تہمت لگائیں گے تو پھر سچائی سے پردہ اٹھے گا، شاندانہ گلزار pic.twitter.com/fUFdtTvjS5
— WE News (@WENewsPk) August 17, 2026
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ آج بھی اپنی بات پر قائم ہیں، انکوائری کمیشن پارٹی کے اندر اس وقت بنتا جب پیسے پارٹی کو ملتے، لیکن پارٹی کو کوئی رقم نہیں ملی۔ نہ اراکین قومی اسمبلی اور نہ ہی اراکین صوبائی اسمبلی کو پیسے ملے۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے پیسے ملے ہوتے تو کیا میں اپنے قیدیوں یا کارکنوں کو نہ دیتی؟ قیدیوں کے لیے جمع کیے گئے پیسے قیدیوں کو نہیں ملے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو دن میں 4 سے زائد بار ڈیل کی پیشکش ہوتی ہے، شاندانہ گلزار
شاندانہ گلزار نے کہا کہ اب تھرتھلی مچ چکی ہے اور نیا ڈراما شروع ہوچکا ہے۔ کسی نے انہیں پیغام بھیجا کہ قیدیوں کے لیے جمع کیے گئے پیسے واپس بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
اب تھرتھلی مچ چکی ہے۔ اب نیا ڈرامہ شروع ہو چکا ہے۔ مجھے کسی نے کل میسج کیا کہ قیدیوں کے لیے پیسے جمع ہوئے تھے لیکنب وہ باہر واپس چلے گئے۔ علی امین سے پوچھیں جو انہوں نے اپنے باپ کی زمینیں بیچ کر پیسے دیے وہ کس کو دیے؟ شاندانہ گلزار pic.twitter.com/hpyMMDs60h
— WE News (@WENewsPk) August 17, 2026
انہوں نے سوال کیا کہ پیسے وصول کس نے کیے اور واپس کس نے بھیجے؟ علی امین گنڈاپور سے پوچھا جائے کہ انہوں نے جو پیسے دیے تھے، وہ کس کو دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے اپنی جیب سے، اپنی زمینیں بیچ کر پیسے دیے تھے۔
شاندانہ گلزار نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا تھا کہ وہ پیسے ہمارے نہیں بلکہ قیدیوں اور بے گناہوں کے تھے۔














