گوگل کی جیمینائی ایپ کی بڑی کامیابی، صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرگئی

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی ) ایپ ’جیمینائی‘ نے بھی زبردست تیزی سے ترقی کی ہے، ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرلی ہے؎

گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے اعلان کیا کہ جیمینائی گوگل کی 14ویں ایسی پروڈکٹ بن گئی ہے جس نے 1 ارب صارفین کا سنگ میل عبور کیا، جبکہ ایپ کی یہ پیش رفت اوپن اے آئی کے  چیٹ جی پی ٹی کے بعد سامنے آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گوگل جیمنائی اور کیپ کٹ میں اشتراک، اب ایپ کے اندر ہی ویڈیو ایڈیٹنگ ممکن

گوگل کے مطابق جیمینائی کے 63 فیصد صارفین وائس فیچر کے ذریعے اسسٹنٹ سے براہ راست گفتگو کرتے ہیں جبکہ  ’اے آئی ‘ روزانہ 150 ملین سے زیادہ تصاویر تیار کر رہا ہے۔

جیمینائی کی غیر معمولی رفتار

گوگل کے مطابق جیمینائی ایپ کمپنی کی تیزی سے ترقی کرنے والی مصنوعات میں شامل ہوگئی ہے اور حال ہی میں اس کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1 ارب سے تجاوز کرگئی۔

گوگل کے  سی ای او سندر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیمینائی کمپنی کی 14ویں پروڈکٹ ہے جس نے 1 ارب صارفین کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

یہ کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت کی مارکیٹ میں گوگل اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان مسابقت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ براہ راست مقابلہ

جیمینائی کی 1 ارب ماہانہ صارفین تک رسائی نے اسے ’اوپن اے آئی‘ کے چیٹ جی پی ٹی کے برابر لاکھڑا کیا ہے۔ چیٹ جی پی ٹی نے جون 2026 میں 1 ارب ماہانہ فعال صارفین کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

مزید پڑھیں:گوگل نے میک او ایس کے لیے جیمنائی اے آئی ایپ متعارف کرا دی

گوگل تاہم واضح کرتا ہے کہ تازہ ترین تعداد صرف جیمنائی ایپ کے صارفین پر مشتمل ہے اور اس میں گوگل کی دیگر سروسز، جیسے  سرچ، وک اسپیس یا اینڈرائیڈ کے ذریعے  اے آئی استعمال کرنے والے افراد شامل نہیں ہیں۔

گوگل کی مصنوعات میں اےآئی کا بڑھتا استعمال

گوگل گزشتہ کچھ عرصے سے جیمینائی کو اپنی مختلف مصنوعات میں تیزی سے شامل کر رہا ہے۔ سرچ، ورک اسپیس، اینڈرائیڈ اور جیمینائی کی اسٹینڈ الون ایپ میں ’اے آئی‘ فیچرز کی توسیع اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

گوگل سرچ کا ’اےآئی ماڈل‘ بھی نمایاں کامیابی حاصل کرچکا ہے اور کمپنی کے مطابق اسے عالمی سطح پر 1 ارب سے زیادہ ماہانہ فعال صارفین استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم یہ تعداد جیمینائی ایپ کے 1 ارب صارفین سے الگ ہے۔

وائس چیٹ اور تصاویر کی مقبولیت

گوگل کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جیمینائی کے 63  فیصد صارفین وائس فیچر کے ذریعے  اے آئی اسسٹنٹ سے براہ راست گفتگو کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق جیمینائی اب روزانہ 150 ملین سے زیادہ تصاویر بھی تیار کر رہا ہے، جو صارفین کی جانب سے ’اے آئی ‘ کے تخلیقی استعمال میں تیزی کی عکاسی کرتا ہے۔

جیمینائی کی مقبولیت گوگل کے اپنے ماحولیاتی نظام تک محدود نہیں رہی۔ کمپنی کے مطابق ’آئی او ایس‘ پر بھی جیمینائی کے فعال صارفین کی تعداد 100 ملین سے تجاوز کرچکی ہے۔

نئے  ’اے آئی‘ ماڈلز اور فیچرز کا سلسلہ

گوگل جیمینائی کے ساتھ نئے ماڈلز اور فیچرز بھی مسلسل متعارف کرا رہا ہے۔ کمپنی نے حال ہی میں جیمینائی 3.5 فلش سمیت نئی صلاحیتوں پر زور دیا ہے، جن کا مقصد کوڈنگ اور خودکار ’اے آئی‘ ایجنٹ سے متعلق کاموں میں کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

کمپنی جیمینائی کو محض چیٹ بوٹ کے بجائے زیادہ خودمختار اور مختلف کام انجام دینے والے ’آئی اے‘ اسسٹنٹ کے طور پر آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

’کیو 2‘ نتائج کے بعد اہم اعلان

جیمینائی کا 1 ارب صارفین کا سنگ میل گوگل کی دوسری سہ ماہی 2026 کی آمدنی کے اعلان کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔ اس موقع پر کمپنی نے بتایا تھا کہ جیمینائی کے ماہانہ صارفین کی تعداد 950 ملین سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران روزانہ فعال صارفین کی تعداد تقریباً 3 گنا بڑھی۔

مزید پڑھیں:اے آئی پر کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری لیکن منافع کہاں؟ ایپل، ایمیزون اور دیگر ٹیک کمپنیوں کے نئے منصوبے سامنے آگئے

یہ پیش رفت گوگل کے آئندہ ’ میڈ بائی گوگل‘ ایونٹ سے بھی قبل سامنے آئی ہے، جہاں ’پکسل‘ ڈیوائسز کے لیے مزید جیمینائی پر مبنی فیچرز متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔

گوگل نے جیمینائی کو اپنی مصنوعی ذہانت کی مرکزی حکمت عملی کا اہم حصہ بنا رکھا ہے۔ کمپنی اسے اپنی سرچ، موبائل آپریٹنگ سسٹم، پیداواری ایپس اور دیگر مصنوعات میں ضم کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹینڈ الون ’اے آئی‘ ایپ کے طور پر بھی تیزی سے وسعت دے رہی ہے۔

1 ارب ماہانہ فعال صارفین کا نیا سنگ میل اس بات کا اشارہ ہے کہ ’اے آئی‘ چیٹ بوٹس اور اسسٹنٹس اب ٹیکنالوجی صارفین کی روزمرہ زندگی کا تیزی سے اہم حصہ بنتے جارہے ہیں، جبکہ گوگل اور ’اوپن اے آئی‘ کے درمیان صارفین اور ’اے آئی‘ صلاحیتوں کی دوڑ مزید تیز ہونے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp