وزیراعظم شہباز شریف کا اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی

پیر 17 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔

مزید پڑھیں: حکومتِ پاکستان کا آزاد کشمیر میں خواتین کے لیے پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کرنے کا اعلان

اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، احد چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو شہریوں کے لیے آسان، مؤثر اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور آسان ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آئی ٹی اور ڈیجیٹل اصلاحات میں وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اب تک کی اہم ترین اصلاحات میں سے ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تکمیل میں تاخیر پر اظہار برہمی کیا۔

انہوں نے اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر جلد از جلد مکمل کرنے اور ٹیکنالوجی پارک کو ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے مکمل طور پر آؤٹ سورس کیا جائے۔

این آئی ٹی بی کی رائٹ سائزنگ مکمل، اہم عہدوں پر تعیناتی شفاف طریقے سے جاری ہے، بریفنگ

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ این آئی ٹی بی کی رائٹ سائیزنگ کی جا چکی ہے اور اہم عہدوں پر تعیناتی ایک شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی چینی کمپنیوں کو ملک میں ٹیکنالوجی پارکس بنانے کی دعوت

بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہو چکی ہیں جبکہ دیگر محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں اس کی ترویج پر کام جاری ہے۔

اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیشرفت کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp