بنوں کے علاقے ڈومیل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ایک انتہائی کامیاب مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ‘فتنۃ الخوارج’ کے 5 خطرناک دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں سیکیورٹی اداروں کو شدید مطلوب دہشتگرد ایوب عرف ایوبی بھی شامل ہے، جس کے سر کی قیمت حکومت نے 90 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔
پاکستان کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا رہنے کے عزم کے تحت بنوں کے علاقے ڈومیل میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بروقت اور قابلِ اعتماد انٹیلی جنس معلومات پر پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی پر فوری اور موثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے آپریشن ردالفتنہ 3: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک خوارج میں سے خطرناک اور مطلوب ترین دہشتگرد ایوب عرف ایوبی کی گرفتاری یا ہلاکت پر 90 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ ایوب ایوبی کا خاتمہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے لیے ایک انتہائی شدید دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، جو فورسز کی جانب سے مسلسل نگرانی اور بروقت کارروائی کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ آپریشن پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان بہترین باہمی رابطے، حکمتِ عملی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ فورسز نے دہشتگردوں کو کسی بھی بڑی تخریبی کارروائی سے قبل ہی کامیابی سے گھیر کر انجام تک پہنچایا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان: بارودی گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکا، 8 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری جاں بحق
دہشتگرد عناصر کی صفائی اور سیکیورٹی فورسز کی مسلسل قربانیوں و چوکسی کے باعث بنوں کے عوام ایک محفوظ اور پرسکون ماحول میں اپنے روزمرہ کے معمولات زندگی سرانجام دے رہے ہیں۔ علاقے کے عوام نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ان کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔














