گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں انتخابات میں اصلاحات اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں:گورنر پنجاب کی پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے ملاقات، عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کی ہدایت
گورنر پنجاب نے کہا کہ انتخابی عمل کو مؤثر اور شفاف بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ ایسا ضابطہ اخلاق تیار کیا جائے جس سے انتخابی شفافیت میں اضافہ اور عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد مضبوط ہو۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انتخابات کے فوری بعد پوری قوم کی نظریں الیکشن کمیشن کے نتائج پر ہوتی ہیں، ملک میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی چارہ نہیں اور اسی نظام میں بہتری لانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قوم شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے، پیپلز پارٹی جمہوری نظام کی مضبوطی اور تسلسل پر یقین رکھتی ہے، جبکہ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف عوام لاسکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مستحکم جمہوری نظام میں ہر شہری کا فعال کردار ضروری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں۔
مزید پڑھیں:کیا سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو گورنر پنجاب بنایا جارہا ہے؟
انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ آئندہ انتخابات سے قبل ووٹرز کے اندراج کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ عوام کی امانت ہے، اس میں کی گئی خیانت قومیں مدتوں بھگتتی ہیں۔














