کینیڈا: پارک میں خاتون پر جنسی حملے کے الزام میں بھارتی نژاد شخص گرفتار

بدھ 19 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کی پولیس نے رواں ماہ کے آغاز میں ایک پارک میں لڑکی پر جنسی حملے اور ہراسانی کے الزام میں 40 سالہ بھارتی نژاد شخص پر فردِ جرم عائد کر دی ہے۔

سرے پولیس سروس (ایس پی ایس) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملزم کی شناخت جاگندر کورانا کے نام سے ہوئی ہے۔ برٹش کولمبیا پرووِنسل پراسیکیوشن سروس نے ملزم کے خلاف جنسی حملے اور نازیبا مداخلت (سیکشوئل انٹر فیئرنس) کی 2 الگ الگ مجرمانہ دفعات کے تحت کیس کی منظوری دے دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھارتی جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 24 ملزمان گرفتار

واقعے کی تفصیلات کے مطابق 9 اگست کو رات تقریباً 8:11 بجے، سرے پولیس کو برٹش کولمبیا کے لوئر مین لینڈ علاقے میں واقع ایک پارک میں جنسی ہراسانی کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور متاثرہ لڑکی سے گفتگو کی، جس نے بتایا کہ ایک بالغ مرد نے اسے زبردستی چھوا اور بدتمیزی کی، جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ لڑکی نے پولیس کو ملزم کا حلیہ بھی بتایا۔

پولیس اہلکاروں نے پارک اور اطراف کے علاقوں میں وسیع پیمانے پر گشت کیا تاہم ملزم کا فوری سراغ نہ مل سکا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں متاثرہ لڑکی جسمانی طور پر محفوظ رہی۔

پولیس کے مطابق ملزم کا حلیہ جنوبی ایشیائی مرد جیسا تھا، جس کا قد تقریباً 5 فٹ 8 انچ تھا اور اس نے نیلی ٹوپی (ٹوق)، سیاہ ٹی شرٹ، سیاہ پتلون اور سیاہ چپل پہن رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیے کینیڈا میں بھارتی نژاد ٹرک ڈرائیور گرفتار، 13 کروڑ 90 لاکھ ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

واقعے کے 4 دن بعد جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں سرے پولیس نے بتایا کہ 9 اگست کے واقعے میں ملوث جس ملزم کی تلاش کے لیے عوام سے مدد مانگی گئی تھی، پولیس نے اس کی شناخت کر لی ہے۔ جاگندر کورانا کو عوامی اپیل کے اگلے ہی دن، یعنی 12 اگست کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جبکہ اسے پیر کے روز پہلی پیشی کے لیے عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp