چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ گزشتہ ماہ ان کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ڈیل کا تاثر غلط ہے اور کسی صورت کوئی ڈیل نہیں ہورہی۔
وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ عمران خان سے ان کی ملاقات نہیں ہوئی۔
عمران خان سے میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی تھی، ڈیل کا تاثر غلط ہے، کوئی ڈیل نہیں ہوئی،گوہر علی خان pic.twitter.com/0Hfn5vrl4V
— WE News (@WENewsPk) August 19, 2026
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو جیل میں رکھنا اور پھر یہ کہنا کہ انہیں کسی اور جگہ منتقل کیا جائےگا، ہمارے نزدیک قابل قبول نہیں، ہم ان کی جیل کو ہی ناحق سمجھتے ہیں تو پھر وہ اسپتال میں کیوں رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کا اسپتال آنا اور اتنے دنوں تک وہاں رہنا صرف علاج معالجے کے سلسلے میں ہے۔
ملک میں موجود سیاسی غیر یقینی صورتحال کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب غیر یقینی صورتحال ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ غیر یقینی صورتحال اس وقت ختم ہوگی جب ایسے مثبت اقدامات کیے جائیں گے جن سے عوام کو یہ تاثر ملے کہ پاکستان کے سب سے بڑے اور ملک کے مقبول ترین لیڈر عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا اور اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آگے بڑھیں اور اپنی قوم اور ملک کو مزید دشواری میں نہ ڈالیں۔














