جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمانی سطح پر مشترکہ کردار مؤثر بنانے اور متحدہ اپوزیشن تشکیل دینے پر اصولی طور پر متفق ہوگئی ہیں، اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان آج ابتدائی مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے صوبوں کا فیصلہ عوام کی رائے اور مشاورت سے ہونا چاہیے، مولانا فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصولی طور پر طے کیا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب پیش رفت کی جائے گی تاکہ پارلیمان میں مشترکہ کردار زیادہ مؤثر انداز میں ادا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا اجلاس تھا، مزید مشاورت ہوگی اور تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ آج پہلی بیٹھک ہوئی ہے، ہم نے اتفاق کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن بنائی جائے، یہ پہلی نشست ہوئی مزید مشاورت ہو گی، مولانا فضل الرحمٰن pic.twitter.com/GTNH4uPkC0
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) August 20, 2026
انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے متحدہ اپوزیشن میں شامل ہونے سے متعلق سوال پر کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے، اس لیے وہ اپوزیشن جماعتوں کی بات کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جانا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے صوبے، محسن نقوی کا بیان، مولانا فضل الرحمان کے بیان پر سخت ردعمل، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کیا کہا؟
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے، پارلیمانی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے اور مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں انہیں جلد از جلد اسپتال منتقل کرکے بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ شرکا نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور انہیں انسانی و طبی بنیادوں پر فوری علاج کی سہولت ملنی چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی
مزید پڑھیں : https://t.co/MccJ6shmH3#ExpressNews #PakistanPolitics #JUI #UnitedOpposition pic.twitter.com/T3UNEepnp8
— Express News (@ExpressNewsPK) August 20, 2026
اپوزیشن رہنماؤں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کے رویے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے بجائے اسے سنا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کارگل کے شہداء پر بیان، متحدہ مدارس کونسل نے مولانا فضل الرحمان سے لاتعلقی کیوں اختیار کی؟
ملاقات میں حکومت کی پالیسیوں، پارلیمان میں اپوزیشن کے کردار اور آئین و جمہوریت کے تحفظ کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایک روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں آئندہ قانون سازی، قائمہ کمیٹیوں میں اپوزیشن کی واپسی، چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری سمیت انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطہ کاری پر زور دیا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان کی قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینٹ علامہ ناصر عباس سے ملاقات، متحدہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان… pic.twitter.com/QgTWxyRaFx
— Tehreek-e-Tahafuz-e-Ayin-e-Pakistan (@TTAP_OFFICIAL) August 20, 2026
محمود خان اچکزئی نے بھی پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت کی خاطر سیاسی قوتوں کو متحد ہونا چاہیے۔














