یو ایس اوپن نے رواں سال کے ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی طور پر 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے جو ٹینس کی تاریخ میں کسی بھی ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹینس کھلاڑی طلحہ وحید نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر لیا
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق رواں سال یو ایس اوپن میں مجموعی انعامی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہوگی۔ نیویارک میں 23 اگست سے 13 ستمبر تک جاری رہنے والے سال کے آخری گرینڈ سلیم میں مردوں اور خواتین کے سنگلز کے فاتحین کو 55 لاکھ ڈالر فی کس دیے جائیں گے۔
سنگلز چیمپئنز کے لیے یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے اور گرینڈ سلیم کی تاریخ میں مین ڈرا کے کسی بھی سنگلز چیمپیئن کو دی جانے والی سب سے بڑی انعامی رقم بھی ہے۔
مزید پڑھیے: ٹینس کی ملکہ پھر میدان میں، سرینا ولیمز کی واپسی پر شائقین پُرجوش
یو ایس اوپن کے انعامی پیکیج میں ابتدائی مرحلے میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے بھی ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین کے مطابق پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کو بھی اس سال ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر ملیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہیں اور گرینڈ سلیم کی تاریخ میں پہلے راؤنڈ کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
انعامی رقم کا یہ نیا ڈھانچہ ٹینس کے چاروں بڑے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹس کی جانب سے گرینڈ سلیم پلیئر کونسل کے قیام کے اعلان کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ کا انعقاد: ایشیا کی 10 خواتین ٹینس ٹیمیں شرکت کریں گی
اس کونسل کا مقصد کھلاڑیوں کو ان سے متعلق مختلف معاملات پر اپنی آواز مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع دینا ہے جن میں انعامی رقم اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔














