اگلے ہفتے 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب رواں سال کا نمایاں جزوی چاند گرہن ہوگا، جس کے دوران زمین کا سایہ چاند کے 96 فیصد حصے کو ڈھانپ لے گا اور صرف ایک باریک حصہ براہِ راست سورج کی روشنی میں رہے گا۔
یہ چاند گرہن شمالی امریکا، جنوبی امریکا، افریقا اور یورپ سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ اس موقع پر زمین، سورج اور چاند ایک ہی سمت میں تو آتے ہیں، تاہم ان کی پوزیشن ایسی نہیں ہوتی کہ پورا چاند زمین کے سائے میں چلا جائے، اسی لیے اسے جزوی چاند گرہن کہا جاتا ہے۔
A deep partial lunar eclipse is coming! 🌕
On August 27–28, 2026, Earth’s shadow will cover about 96% of the Full Moon, leaving only a thin bright edge. At the peak, the Moon may appear dark red, brown, or copper-colored — but this won’t be a total “Blood Moon.”
Key times:
🌑… pic.twitter.com/EWhvwmOUGE— Star Walk (@StarWalk) August 20, 2026
ماہرین کے مطابق زمین کا گہرا سایہ 27 اگست کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 33 منٹ پر چاند کی سطح کو چھونا شروع کرے گا۔ گرہن کا نقطۂ عروج 28 اگست کو رات 12 بج کر 12 منٹ پر ہوگا، جب چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے سائے میں ہوگا۔
گرہن کے عروج پر چاند کا تاریک حصہ نارنجی یا سرخی مائل دکھائی دے سکتا ہے۔ یہ منظر اس وقت بنتا ہے جب سورج کی روشنی زمین کی فضا سے گزر کر مڑتی ہوئی چاند کی سطح تک پہنچتی ہے۔ 96 فیصد حصے کے سائے میں ہونے کے باعث اس بار یہ سرخی مائل رنگ نمایاں طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یورپ کے مختلف حصوں میں سورج گرہن، دن میں اندھیرا چھا گیا
چاند گرہن کا وقت دنیا کے مختلف علاقوں میں مختلف ہوگا۔ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں یہ منظر 27 اور 28 اگست کی درمیانی شب نصف شب کے فوراً بعد دیکھا جا سکے گا، جبکہ برطانیہ میں گرہن 28 اگست کی صبح طلوعِ آفتاب سے کچھ دیر پہلے ہوگا۔
چاند گرہن کو دیکھنے کے لیے کسی خصوصی حفاظتی چشمے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اسے براہِ راست دیکھنا آنکھوں کے لیے نقصان دہ نہیں۔ دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے زمین کے سائے کو چاند کی سطح پر حرکت کرتے ہوئے مزید واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔













