یورپ کے مختلف حصوں میں سورج گرہن، دن میں اندھیرا چھا گیا

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپ کے مختلف حصوں میں بدھ 12 اگست کو مکمل سورج گرہن کا شاندار نظارہ دیکھا گیا، جس کے دوران چاند نے سورج کو ڈھانپ لیا اور کئی علاقوں میں دن کے وقت اندھیرا چھا گیا۔

مکمل سورج گرہن کا راستہ گرین لینڈ، آئس لینڈ، بحرِ اوقیانوس، شمالی اسپین اور پرتگال کے ایک محدود حصے سے گزرا، جبکہ یورپ کے کئی دیگر ممالک میں جزوی سورج گرہن دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں:سورج گرہن انسان کے دماغ اور رویے پر کیا اثر ڈالتا ہے؟ حیران کن سائنسی انکشافات

آئس لینڈ اور اسپین میں لوگوں کی بڑی تعداد نے اس نایاب فلکیاتی منظر کا مشاہدہ کیا، جبکہ برطانیہ سمیت یورپ کے متعدد علاقوں میں سورج کا بڑا حصہ چاند کے پیچھے چھپ گیا۔

ماہرین کے مطابق یہ یورپ کے لیے ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ تھا، جس کی تصاویر میں آسمان پر سورج کے گرد روشنی کا ہالہ، گہرا سایہ اور مختلف شہروں میں گرہن دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے افراد کے مناظر نمایاں ہوئے۔

مکمل سورج گرہن کیا ہوتا ہے؟

مکمل سورج گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے نسبتاً قریب ہوتا ہے اور آسمان پر اس کا ظاہری حجم اتنا بڑا ہوجاتا ہے کہ وہ سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے۔ اس دوران دن کے وقت عارضی تاریکی چھا جاتی ہے، درجہ حرارت کم ہوسکتا ہے اور بعض اوقات ستارے بھی دکھائی دینے لگتے ہیں۔

اس کے برعکس حلقوی سورج گرہن میں چاند زمین سے زیادہ فاصلے پر ہوتا ہے اور سورج کو مکمل طور پر نہیں ڈھانپ پاتا، جس کے باعث سورج کے گرد روشنی کا ایک روشن حلقہ، جسے’آگ کا دائرہ‘ کہا جاتا ہے، نظر آتا ہے۔

اگلا مکمل سورج گرہن کب ہوگا؟

دنیا میں آئندہ مکمل سورج گرہن 2028 میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ، 2030 میں جنوبی افریقہ اور 2035 میں جاپان کے مختلف علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔

مزید پڑھیں:رواں سال کا مکمل سورج گرہن کب اور دنیا کے کن حصوں میں دیکھا جاسکے گا؟

شمالی امریکا میں مکمل سورج گرہن 2044 میں دوبارہ ہوگا، جب چاند کا سایہ مغربی کینیڈا اور امریکا کے مغربی حصوں سے گزرے گا، جبکہ 2045 میں کینیڈا اور امریکا میں ساحل سے ساحل تک مکمل سورج گرہن ہوگا۔

اسپین کے لیے 12 اگست 2026 کا گرہن 3 مسلسل شمسی گرہنوں کے سلسلے کا پہلا ہے۔ اس کے بعد 2 اگست 2027 کو ایک اور مکمل سورج گرہن ہوگا، جس کا راستہ جنوبی اسپین کے علاوہ مراکش، الجزائر، تیونس، لیبیا، مصر، سعودی عرب اور یمن سے گزرے گا۔ 26 جنوری 2028 کو حلقوی سورج گرہن بھی اسپین سے دکھائی دے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp