پاکستان کے اسپنر علی عثمان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز ہیڈنگلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 سال بعد ایسا تاریخی کارنامہ انجام دے دیا جو اس سے قبل کسی غیر ملکی اسپنر نے یہاں انجام نہیں دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈز ٹیسٹ : دوسرے دن کا کھیل ختم، انگلینڈ کی پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 195 رنز کی برتری
علی عثمان نے ہیڈنگلے میں ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرکے سنہ 1972 کے بعد اس میدان پر یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے غیر ملکی اسپنر ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
بارش سے متاثرہ ٹیسٹ کے دوسرے روز علی عثمان نے کھیل کے آخری مرحلے میں انگلینڈ کے ہیری بروک، گس اٹکنسن اور اولی رابنسن کو آؤٹ کرکے اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں علی عثمان کی پہلی 5 وکٹوں کی کارکردگی بھی ہے۔
ہیڈنگلے میں کسی غیر ملکی اسپنر کی جانب سے ٹیسٹ اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا آخری واقعہ سنہ 1972 کی ایشز سیریز میں پیش آیا تھا جب آسٹریلیا کے ایشلے مالٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ یوں علی عثمان نے 54 سال بعد یہ اعزاز دوبارہ پاکستان کے نام کردیا۔
علی عثمان کی شاندار باؤلنگ اس وقت سامنے آئی جب انگلینڈ بلے بازی میں پاکستان پر مکمل طور پر حاوی دکھائی دے رہا تھا۔ میزبان ٹیم نے دوسرے روز کا کھیل 8 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز پر ختم کیا اور پہلی اننگز میں پاکستان کے 171 رنز کے جواب میں 195 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
مزید پڑھیے: امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اہم سنگ میل عبور کر لیا
بارش کے باعث دوسرے روز کھیل کا آغاز مقررہ وقت پر نہ ہوسکا اور کھیل دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا۔ دن بھر میں صرف 57 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا۔
انگلینڈ نے اپنی اننگز 2 وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز سے دوبارہ شروع کی۔ جو روٹ اور جارڈن کاکس نے تیسری وکٹ کے لیے 150 رنز کی شراکت قائم کرکے انگلینڈ کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ روٹ نے 66 جبکہ کاکس نے 73 رنز بنائے۔
اس کے بعد ڈین لارنس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی اور ہیری بروک کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 120 رنز کی شراکت قائم کی۔
ہیری بروک نے 93 گیندوں پر 91 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، تاہم علی عثمان نے انہیں آؤٹ کرکے ہیڈنگلے میں ایک اور سینچری بنانے کا موقع چھین لیا۔ بروک نے گزشتہ سال بھارت کے خلاف اسی میدان پر 99 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی اننگز میں اب بھی 2 وکٹیں باقی ہیں اور اسے پاکستان پر 195 رنز کی برتری حاصل ہے، اس لیے پاکستان کی کوشش ہوگی کہ تیسرے روز میزبان ٹیم کی باقی دونوں وکٹیں جلد حاصل کرکے اپنی اننگز کا آغاز کرے۔
مزید پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سعود شکیل کا اعتماد بحال، وارم اپ میچ میں سینچری جڑ دی
علی عثمان کی تاریخی 5 وکٹوں نے پاکستان کو مشکل صورتحال میں ایک اہم حوصلہ ضرور دیا ہے تاہم انگلینڈ کی مضبوط پوزیشن کے باعث مہمان ٹیم کو میچ میں واپسی کے لیے اب بھی ایک بڑا چیلنج درپیش ہے۔














