پاکستان کے تجربہ کار بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز بین الاقوامی کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرکے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: لیڈز ٹیسٹ، انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 171 رنز پر ڈھیر
ہیڈنگلے میں جاری ٹیسٹ میچ میں امام الحق میدان میں اترنے سے قبل بین الاقوامی کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 4 ہزار 996 رنز بنا چکے تھے۔ ان میں 1823 رنز ٹیسٹ، 3152 رنز ایک روزہ جبکہ 21 رنز مختصر ترین فارمیٹ میں بنائے گئے تھے۔
امام الحق نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 9ویں اوور میں انگلش فاسٹ بولر اولی رابنسن کی گیند پر چوکا لگا کر بین الاقوامی کرکٹ میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کیے۔
اس کے ساتھ ہی امام الحق بین الاقوامی کرکٹ میں 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے 30ویں پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس فہرست میں انضمام الحق، یونس خان، جاوید میانداد اور عمران خان جیسے عظیم پاکستانی کرکٹرز بھی شامل ہیں۔
.@ImamUlHaq12 earlier today went past 5️⃣0️⃣0️⃣0️⃣ international runs 🏏#ENGvPAK | #PakistanCricket pic.twitter.com/ffgV2hcvVl
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 19, 2026
تاہم امام الحق اپنی اننگز کو بڑی انفرادی باری میں تبدیل نہ کرسکے اور 42 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں ان کے رنز کی تعداد 107 میچوں میں 5038 ہوگئی ہے جبکہ ان کی اوسط 41.29 ہے۔ امام الحق اب تک 12 سینچریاں اور 31 نصف سینچریاں اسکور کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا مصروف ہوم سیزن، سری لنکا اور انگلینڈ کی میزبانی کا اعلان
ان کی وکٹ عبداللہ شفیق کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت کے خاتمے کا سبب بنی۔














