مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں جاری ترقیاتی، تزئین و آرائش اور شہری سہولتوں سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا۔
نواز شریف نے ریلوے اسٹیشن انڈر پاس اور سرکلر روڈ کا معائنہ کیا، جبکہ مختلف بازاروں میں جاری تزئین و آرائش کے کام، دکانوں پر آویزاں بورڈز اور علاقے کی مجموعی خوبصورتی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر کے مختلف حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بھی دیکھی۔
میاں نوازشریف کا لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ،شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ pic.twitter.com/AK84y16S5y
— Saif Awan (@saifullahawan40) August 21, 2026
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں تاریخی اور مرکزی علاقوں کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہری سہولتوں میں اضافے کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں ریلوے اسٹیشن کے اطراف کی تزئین و آرائش، سرکلر روڈ کی فساڈ اپ گریڈیشن، فٹ پاتھ اور یونیفارم سائنیج سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارکنگ ایریا اور اطراف کی اربن ری جنریشن پر بھی کام کیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں ڈانسنگ فاؤنٹین بھی نصب کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھاٹی چوک انڈر پاس کا تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان بمقابلہ نواز شریف، دونوں سیاسی قائدین کی بیماریوں میں کیا فرق رہا؟
اس سے قبل لاہور میں جاری منصوبوں کے جائزے کے دوران بتایا گیا تھا کہ ناصر باغ زیرِ زمین پارکنگ پلازہ کا تقریباً 72 فیصد جبکہ نیلا گنبد زیرِ زمین پارکنگ پلازہ کا 83 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ داتا دربار توسیعی منصوبے اور بھاٹی چوک انڈر پاس سمیت شہر کے تاریخی علاقوں میں بھی مختلف ترقیاتی و بحالی کے منصوبے جاری ہیں۔
نواز شریف کے حالیہ دورے کے حوالے سے جاری معلومات میں ان کے ہمراہ موجود شخصیات یا متعلقہ حکام کی تفصیلات بیان نہیں کی گئیں، تاہم دورے کا مرکزی محور لاہور میں جاری ترقیاتی کاموں اور شہر کی خوبصورتی کے اقدامات کا جائزہ تھا۔














