سرکاری حج اسکیم کے تحت 2027ء کے لانگ حج پیکیج میں نشستیں تیزی سے مکمل ہونے لگی ہیں اور اب صرف ساڑھے 18 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت اب تک 88 ہزار 700 عازمین حج نے پہلی قسط جمع کرا دی ہے۔
مزید پڑھیں:چین کو پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ، حجم 255 ملین ڈالر تک پہنچ گیا
پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500 اور خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300 عازمین نے پہلی قسط کے واجبات جمع کرائے، جبکہ اسلام آباد سے 3 ہزار 933، بلوچستان سے 2 ہزار 555، گلگت بلتستان سے 677 اور آزاد کشمیر سے 362 عازمین نے بھی اپنی پہلی قسط جمع کرا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر حج واجبات کی آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ گزشتہ 3 دن کے دوران حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے جاچکے ہیں۔
اب تک قریباً 40 فیصد عازمین نے ون لنک یا کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کا انتخاب کیا، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب حیرت انگیز طور پر 72 فیصد رہا۔
حج پورٹل اور پاک حج ایپ پر واجبات کی ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی، کارڈ یا مینول بینک چالان کی سہولت موجود ہے۔
مزید پڑھیں:حج 2027 کا پورا عمل ڈیجیٹل، 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین درخواستیں جمع کرا سکیں گے
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے حج 2027 پر جانے کے خواہش مند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ حج پورٹل پر اپنے کوائف اور ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں۔
ترجمان کے مطابق 40 روزہ حج پیکیج کے لیے مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر حج 2027 کی بکنگ روک دی جائے گی۔














