میدان میں حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر سپر اسٹار لیونل میسی پر جرمانہ عائد

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میجر لیگ سوکر (ایم ایل ایس) کی ڈسپلنری کمیٹی نے انٹر میامی کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر لیونل میسی پر میچ کے دوران حریف کھلاڑی کو تھپڑ مارنے پر بھاری رقم کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

یہ فیصلہ 19 اگست کو فلاڈیلفیا یونین کے خلاف 2-2 سے برابر رہنے والے سنسنی خیز اور تلخ میچ کے بعد سامنے آیا، جہاں کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی پر 2 ریڈ کارڈ بھی جاری کیے گئے تھے۔

لیگ کے قوانین کے تحت کسی بھی کھلاڑی کے چہرے، سر یا گردن پر ہاتھ اٹھانا ڈسپلنری اصولوں کی شدید خلاف ورزی شمار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد جارج میسی 68 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

واضح رہے کہ انٹر میامی اور فلاڈیلفیا یونین کے درمیان کھیلا گیا یہ مقابلہ شروع سے ہی کشیدہ رہا۔ میچ کے دوران میسی اور فلاڈیلفیا کے مڈفیلڈر کوئن سلیوان کے درمیان اس وقت تلخی پیدا ہوئی جب میسی کا کہنا تھا کہ گیند پاس کرنے کے بعد سلیوان نے انہیں کہنی ماری۔

بعد ازاں میسی نے سلیوان کی گردن پر ہلکا سا تھپڑ رسید کیا، جس پر دونوں کھلاڑی ایک بار پھر آمنے سامنے آ گئے۔ ریفری کی بروقت مداخلت نے معاملے کو بگڑنے سے بچایا، تاہم لیگ کی سخت پالیسی کے باعث میسی اور ان کے ساتھی ایان فرے دونوں پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ریڈ کارڈز اور ڈرامائی اختتام

میچ کے اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی، جہاں کھلاڑیوں کی ہاتھا پائی کے بعد انٹر میامی کے یانک برائٹ اور فلاڈیلفیا کے کیون سلیوان کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔

مزید پڑھیں:ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹینا کی شکست پر لیونل میسی نے خاموشی توڑ دی

 تاہم بعد میں نظرثانی کے بعد کیون سلیوان کا ریڈ کارڈ منسوخ کر دیا گیا۔ میسی نے اس میچ میں اپنی ٹیم کے لیے ایک گول بھی اسکور کیا جو اس سیزن میں ان کا ‘انٹر میامی’ کے لیے دوسرا گول تھا۔

ایم ایل ایس کا ابھار اور میسی کا کردار

میجر لیگ سوکر امریکا اور کینیڈا کی سب سے اعلیٰ پروفیشنل فٹ بال لیگ ہے۔ 2023 میں لیونل میسی کی انٹر میامی میں شمولیت کے بعد اس لیگ کی عالمی مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔

میسی کے ساتھ ساتھ ان کے سابق بارسلونا ساتھی سرجیو بسکیٹس، لوئس سواریز اور جورڈی البا کی موجودگی نے اس کلب کو عالمی فٹ بال کی توجه کا مرکز بنا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp