ایتھوپیا نے 52 سال بعد افریقی کپ آف نیشنز (اے ایف سی او این) 2028 کی میزبانی کے لیے باضابطہ طور پر اپنی درخواست جمع کرا دی۔
ایتھوپین فٹبال فیڈریشن نے پیر کی شب سوشل میڈیا پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا نے افریقی فٹبال کنفیڈریشن (سی اے ایف) کو اے ایف سی او این 2028 کی میزبانی کے لیے درخواست دے دی ہے۔
مزید پڑھیں:قطر اور مراکش سمیت 6 عرب فٹبال فیڈریشنز کی فیفا صدر انفانٹینو کی حمایت
ایتھوپیا نے آخری بار 1976 میں براعظمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔ تقریباً 13 کروڑ آبادی کے ساتھ ایتھوپیا افریقہ کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، جبکہ اس کا دارالحکومت ادیس ابابا افریقی یونین کا صدر دفتر بھی ہے۔
تاہم ایتھوپیا کی میزبانی کی درخواست کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ملک کی 2 سب سے زیادہ آبادی والی ریاستوں امہارا اور اورومیا میں مسلح شورش جاری ہے، جبکہ شمالی علاقے ٹگرے میں وفاقی حکومت اور مقامی قوتوں کے درمیان دوبارہ خانہ جنگی کا خدشہ بھی موجود ہے۔
فیفا رینکنگ میں ایتھوپیا 211 ٹیموں میں 143ویں نمبر پر ہے۔ ایتھوپیا نے آخری بار 2022ء میں اے ایف سی او این میں شرکت کی تھی، جہاں وہ گروپ مرحلے میں ہی باہر ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں: انفینٹینو کو فیفا صدارتی انتخاب میں حریف کا سامنا ہوسکتا ہے؟
اے ایف سی او این کا گزشتہ ایڈیشن مراکش میں منعقد ہوا، جبکہ 2027 کا ٹورنامنٹ کینیا، یوگنڈا اور تنزانیہ مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے۔
2028 سے اے ایف سی او این کا انعقاد ہر 2 سال کے بجائے ہر 4 سال بعد ہوگا تاکہ اسے دیگر فیفا مقابلوں کے شیڈول سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ دوسری جانب مالی، نائجر اور برکینا فاسو نے 2032 کے اے ایف سی او این کی مشترکہ میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔













