عمران خان کی اسپتال منتقلی کا معاملہ: سپریم کورٹ نے توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نجی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت نے درخواست کو مرکزی مقدمے کے ساتھ 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔

سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ میں توہین عدالت کے متعدد مقدمات پہلے ہی زیر التوا ہیں، جبکہ سپریم کورٹ کی پالیسی کے تحت کسی مقدمے کو مقررہ تاریخ سے پہلے سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جاسکتا۔

عدالتی حکم کے مطابق مرکزی مقدمہ 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، اسی کے ساتھ توہینِ عدالت کی درخواست بھی سنی جائے گی۔

سپریم کورٹ نے 14 ستمبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا روسٹر بھی جاری کردیا ہے۔ 16 ستمبر کے لیے تشکیل دیے گئے بینچ نمبر 5 میں جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

سپریم کورٹ میں یہ درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجا کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

بعد ازاں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ کردیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار آفس کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراض کو دور کرکے درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp