پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو انتہائی ہولناک سانحہ قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ مائیں اپنے بچوں کو نو ماہ تک اپنی کوکھ میں صرف اس لیے نہیں رکھتیں کہ کسی کی غفلت کے باعث دنیا میں آتے ہی وہ زندہ جل جائیں۔
مائیں اپنے بچوں کو نو ماہ اس لئے کوکھ میں نہیں رکھتیں کہ کسی کی غفلت کے نتیجے میں پیدا ہوتے ہی وہ زندہ جل جائیں، وفاقی دارالحکومت میں 14 نومولودوں کا جاں بحق ہونا انسانی تاریخ کا ایک بدترین سانحہ ہے، جن کی امیدوں کے چراغ روشن ہوتے ہی بجھادئیے گئے، وہ بے بس باپ انصاف مانگ رہے ہیں۔
— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) August 26, 2026
انہوں نے کہاکہ وفاقی دارالحکومت میں 14 نومولود بچوں کی اموات انسانی تاریخ کے ہولناک ترین سانحات میں سے ایک ہے، یہ وہ بچے تھے جن کی امید کے چراغ روشن ہوتے ہی بجھا دیے گئے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان نومولود بچوں کے بے بس والدین انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں غفلت کے ذمہ دار عناصر کے تعین اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔














