نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں ریاستی رِٹ کی بحالی، نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا، معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دھرنوں اور احتجاج کے باعث متاثر ہونے والے بچوں کے تعلیمی نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے گا، جبکہ بیشتر تعلیمی اداروں میں ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ طلبہ کی تعلیم مزید متاثر نہ ہو۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے مطابق احتجاج سے متاثرہ علاقوں، خصوصاً میرپور کی کاروباری برادری کو ہونے والے نقصانات کے ازالے اور کاروباری سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت کی کوشش ہوگی کہ کاروبار اور معاشی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہوں۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
انہوں نے کہا کہ راستوں کی بندش ختم کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے سفارتی کوششوں کے ساتھ ریاستی رِٹ بھی بروئے کار لائی جائے گی۔ تمام بند راستے کھولنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے آزاد کشمیر آنے والے تمام راستوں پر بلا روک ٹوک آمدورفت یقینی بنائی جائے گی، تاکہ عوام کے ساتھ کاروبار اور سیاحت بھی مزید متاثر نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں، بالخصوص پڑھے لکھے نوجوان مرد و خواتین میں پائی جانے والی بے چینی اور اضطراب کے خاتمے کے لیے جامع منصوبہ بنایا جائے گا۔ باصلاحیت نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، جبکہ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، ای کامرس اور آن لائن روزگار کے جدید ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہنر اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج کے باعث شدید متاثر ہونے والی سیاحت کی صنعت کی بحالی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ آزاد کشمیر میں ونٹر ٹورازم سیزن کو بھرپور انداز میں فروغ دیا جائے گا، جبکہ زراعت، لائیو اسٹاک اور مقامی آرگینک فوڈ کی پیداوار کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کون ہیں؟ کیریئر پر ایک نظر
بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جدید شاہراہوں کی تعمیر، مظفرآباد، مانسہرہ روڈ کنکشن کی بہتری، ماڈل سٹیز کے قیام، بیوٹیفکیشن، پارکنگ اور شہری سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جائے گی۔ امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ہر شہری محفوظ، آزاد اور پُرسکون ماحول میں زندگی گزار سکے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے اور کشمیر پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔
انہوں نے سرحدوں پر چوکس رہنے والے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت قوم چین کی نیند سوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں شکست دی۔
بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے کہا کہ ایک مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے اور آزاد کشمیر کی حکومت ریاستی ترقی، عوامی خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔














