ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹروں کا کارنامہ، 5 سالہ بچے کا کٹا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہولی فیملی اسپتال کے ڈاکٹروں نے پیچیدہ مائیکرو سرجری کے ذریعے 5 سالہ بچے کا جسم سے مکمل طور پر الگ ہونے والا ہاتھ کامیابی سے دوبارہ جوڑ کر ری پلانٹیشن سرجری مکمل کرلی۔

ذرائع کے مطابق جہلم کے رہائشی 5 سالہ بچے کا ہاتھ ٹوکے کے وار سے جسم سے مکمل طور پر الگ ہوگیا تھا، جسے 28 اگست کو تشویش ناک حالت میں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی: ہولی فیملی اسپتال میں زندہ نومولود کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا

شعبہ پلاسٹک سرجری کے ڈاکٹر طیب اور ڈاکٹر امبرین کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے فوری طور پر آپریشن کا فیصلہ کیا۔ پیچیدہ مائیکرو ویسکیولر سرجری کے دوران خون کی شریانوں، رگوں اور ہاتھ کی دیگر اہم ساختوں کو انتہائی باریک تکنیک سے دوبارہ جوڑا گیا، جس کے نتیجے میں ہاتھ میں خون کی روانی بحال ہوگئی۔

ڈاکٹروں کے مطابق کم عمر بچے میں ہاتھ کی ری پلانٹیشن انتہائی پیچیدہ اور وقت طلب سرجری ہوتی ہے، جس میں بروقت اسپتال منتقلی، کٹے ہوئے عضو کو مناسب طریقے سے محفوظ رکھنا اور ماہر مائیکرو سرجیکل ٹیم کی دستیابی انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ڈاکٹروں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ حادثے میں جسم کا کوئی عضو کٹ جائے تو اسے براہِ راست برف پر نہ رکھیں بلکہ صاف پلاسٹک بیگ میں محفوظ کریں۔ اس بیگ کو برف والے دوسرے برتن میں رکھ کر مریض کو فوری طور پر ایسے طبی مرکز منتقل کیا جائے جہاں مائیکرو سرجری کی سہولت موجود ہو۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp