وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سانحۂ پمز سے متاثرہ خاندان کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:بچوں کی اموات کا معاملہ، پمز میں احتساب اور حفاظتی اصلاحات کا آغاز
اس موقع پر وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایک ماں سے اس کا بچہ جدا ہونے کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، دنیا کی کوئی چیز اس عظیم صدمے کا ازالہ نہیں کرسکتی۔
انہوں نے متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے بچوں کی دیکھ بھال کے لیے 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مالی معاونت نقصان کا نعم البدل نہیں بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اظہار ہے۔
مزید پڑھیں:سانحۂ پمز: 14 بچوں کی میتیں والدین جبکہ ایک لاوارث بچے کی میت ایدھی کے سپرد
وفاقی وزیر نے مرحوم بچوں کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔













