مجھے وزیراعظم بنانے کا فیصلہ نواز شریف نے کیا، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، بیرسٹر افتخار گیلانی

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد نواز شریف کا تھا، جبکہ وہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس جلد بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت آزاد کشمیر میں بہتری لائے گی اور بہترین کارکردگی کے ذریعے عوام کے دل جیتے جائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی جانب سے کیے گئے اعتماد پر پورا اتریں گے اور حکومت کی ترجیح عوامی مسائل کا حل اور خطے میں بہتری لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے ان کی ملاقات آزاد کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے تھی اور مسلم لیگ ن کے قائد آزاد کشمیر کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

واضح رہے کہ نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے حلف اٹھانے کے بعد آج لاہور میں نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ قائم مقام صدر چوہدری طارق فاروق اور اوورسیز ممبر اسمبلی چوہدری عبدالرحمان آرائیں بھی موجود تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کے ساتھ شیئر کردیا۔

پارٹی قیادت نے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی اور اسپیکر طارق فاروق کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خطے میں صحت، تعلیم، صفائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام اہم شعبوں میں مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی اقدامات کی طرز پر آزاد جموں و کشمیر کو بھی جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔

ترجمان کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی منصوبے کا مقصد آزاد کشمیر میں عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور مختلف شعبوں میں فوری نوعیت کی اصلاحات متعارف کرانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp