امریکی ریاست ایریزونا کے مشہور سیاحتی مقام گرینڈ کینین میں ہفتے کے روز آنے والے شدید اچانک سیلاب کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ کم از کم 14 افراد کے لاپتا یا تاحال غیر حاضر ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق گرینڈ کینین نیشنل پارک کے نچلے حصے میں واقع کیمپنگ مقامات اور پیدل چلنے کے راستے شدید سیلابی ریلے کی زد میں آئے، جس کے بعد اتوار کو بھی متاثرہ افراد کو فضائی راستے سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری رہا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کی مغربی ریاستوں میں شدید گرمی، جنگلاتی آگ کے خطرات میں اضافہ
گرینڈ کینین نیشنل پارک سروس نے اتوار کی شام جاری بیان میں بتایا کہ ایک شخص کی لاش پارک میں دریا سے نکال لی گئی ہے، تاہم متوفی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
پارک سروس کے مطابق ہفتے کو آنے والے سیلاب کے بعد کم از کم 14 افراد ایسے ہیں جن کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ لاپتا ہیں یا ان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
Grand Canyon flash flood 😮
A powerful flash flood swept through Bright Angel Canyon and the Phantom Ranch area of Grand Canyon National Park on August 29, 2026, destroying footbridges and sending boulders, mud, and debris through the canyon.#GrandCanyon #Arizona #DebrisFlow pic.twitter.com/zib8H56qmq
— Geology Page (@GeologyPage) August 30, 2026
نیشنل پارک سروس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کو ایسے ہائیکرز یا بیک پیکرز کے بارے میں معلومات ہوں جو 29 اگست کو برائٹ اینجل کریک کے راستے سے گرینڈ کینین کے اندرونی حصے میں موجود تھے، یا جنہوں نے متاثرہ علاقے میں کیمپ گراؤنڈ کی بکنگ کر رکھی تھی، تو وہ نیشنل پارک سروس کے تحقیقاتی شعبے کو اطلاع دیں۔
اس سے قبل اتوار کو حکام نے بتایا تھا کہ 20 سے زائد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 62 افراد کو گرینڈ کینین کے فینٹم رینچ اور لوئر نارتھ کیباب ٹریل سے فضائی راستے کے ذریعے نکال لیا گیا۔ یہ علاقہ ہفتے کی دوپہر آنے والے شدید سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔
مزید پڑھیں: امریکا نے سیلاب اور خشک موسم کی قبل از وقت پیشگوئی کرنے والا نیا آن لائن ٹول لانچ کر دیا
فضائی راستے سے نکالے گئے افراد کو گرینڈ کینین کے ساؤتھ رم پر واقع مسوک لاج کیفے ٹیریا منتقل کیا گیا، جہاں امریکی ریڈ کراس متاثرین کو امداد فراہم کر رہا ہے۔ ابتدائی طور پر کسی زخمی کی اطلاع نہیں تھی۔
حکام کے مطابق سیلاب کے باعث پارک کی پانی کی پائپ لائن بھی تباہ ہوگئی، جس کے بعد پانی کے استعمال میں نمایاں کمی کے اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے تحت پیر سے رات کے وقت ہوٹل میں قیام کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ کیمپ گراؤنڈز میں صرف واش روم کے نلکوں سے پانی دستیاب ہوگا۔

نیشنل پارک سروس نے بتایا کہ متعدد کیمپ گراؤنڈز اور پیدل چلنے کے راستے تاحکم ثانی بند کردیے گئے ہیں اور ان علاقوں کو دوبارہ کھولنے کی کوئی حتمی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
حکام کے مطابق گرینڈ کینین میں اتوار اور پیر کو مزید گرج چمک کے ساتھ طوفان اور شدید بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں دوبارہ اچانک سیلاب، ملبے کے تودے اور چٹانیں گرنے کا خطرہ موجود ہے۔













