امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر نارتھ آگسٹا سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ فائر فائٹر اور پیرامیڈک نے دنیا میں سب سے زیادہ جرابوں کے جوڑوں کا مجموعہ رکھنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے جرابوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرلی ہے۔
ڈیرل پارکر کے مطابق جرابیں جمع کرنے کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انہیں یومِ والد کے موقع پر جرابوں کا ایک جوڑا تحفے میں ملا۔
یہ بھی پڑھیں: طوطا ’اسپوڈلز‘ دنیا کا معمر ترین زندہ پیراکیٹ قرار، گنیز بک میں نام شامل
اس کے بعد سالگرہ اور دیگر مواقع پر انہیں مسلسل مزید جرابیں تحفے میں ملتی رہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کا مجموعہ غیر معمولی حد تک بڑھ گیا۔
پارکر نے بتایا کہ ایک موقع پر ان کی اہلیہ نے بھی توجہ دلائی کہ گھر میں ان کے پاس بہت زیادہ جرابیں جمع ہوچکی ہیں۔
Watch: S.C. man amasses collection of over 2,000 pairs of socks #UPI https://t.co/SAfw4OL10f
— #TuckFrump (@realTuckFrumper) September 1, 2026
بعدازاں ان کے پوتے پوتیوں نے انہیں مشورہ دیا کہ کیوں نہ جرابوں کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کی جائے۔
پارکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ چیلنج قبول کرلیا اور اب ان کے پاس 2 ہزار سے زائد جوڑے موجود ہیں۔
جرابوں کے سب سے بڑے مجموعے کا موجودہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ریٹائرڈ امریکی ٹی وی نیوز اینکر جم ڈونووان کے پاس ہے، جن کے پاس 2025 میں 1,531 منفرد جوڑوں کی تصدیق ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: مرغ ہوٹل نے میدان مارلیا، گنیز بک میں شامل
پارکر موجودہ ریکارڈ سے کافی آگے نکل چکے ہیں، تاہم وہ رواں سال کے اختتام تک مزید جرابیں جمع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس کے بعد وہ اپنا مجموعہ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے حکام کے سامنے باضابطہ تصدیق کے لیے پیش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عوام کی جانب سے ریکارڈ بنانے کی مہم کے دوران عطیہ کی جانے والی نئی جرابیں ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کے بعد مقامی پناہ گاہوں میں ضرورت مند افراد کو دے دی جائیں گی۔














