سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں ورڈپریس کیمپس کنیکٹ 2026 کا انعقاد 7 ستمبر کو کیا جائے گا، جس کا مقصد طلبہ کو ویب سائٹ بنانا، ورڈپریس، اوپن سورس ٹیکنالوجی اور ویب کے شعبے میں عملی مہارتوں سے روشناس کرانا ہے۔
منتظمین کے مطابق پروگرام میں ایسے طلبہ بھی شرکت کرسکتے ہیں جنہیں پہلے سے تکنیکی معلومات حاصل نہیں، جبکہ شرکا کو عملی تربیت اور رہنمائی کے ذریعے ورڈپریس پر ویب سائٹس بنانے اور ویب سائٹ پر مواد کو ترتیب دینے کے طریقے سکھائے جائیں گے۔

ورڈپریس کیمپس کنیکٹ میں طلبہ کو ویب کے شعبے میں روزگار اور پیشہ ورانہ مواقع سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجربہ کار ماہرین اور دیگر طلبہ سے رابطے کا موقع بھی ملے گا۔
منتظمین کے مطابق یہ پروگرام مکمل طور پر مفت ہے اور شرکا کو ضروری تعلیمی مواد اور وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں عملی صلاحیت، اعتماد اور ویب کے شعبے میں مستقبل کے مواقع سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
ورڈپریس کیمپس کنیکٹ 2026 کا مرکزی پیغام ’ویب تخلیق کاروں کو بااختیار بنانا‘ ہے، جبکہ طلبہ کو عالمی ورڈپریس برادری سے جڑنے اور اوپن سورس ٹیکنالوجی میں تعاون کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔














