ایپل کی جانب سے رواں سال کی بڑی تقریب میں نئے آئی فون متعارف کرانے کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ قیمتوں سے متعلق رپورٹس سامنے آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیا ایپل آئی فون ایئر 2 بڑا سرپرائز دینے جارہا ہے؟ لانچ اور نئے فیچرز سے متعلق اہم تفصیلات
رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ادارے ٹرینڈ فورس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1249 سے 1299 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ گزشتہ نسل کے آئی فون 17 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر تھی۔
اسی طرح آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1349 سے 1399 ڈالر تک ہونے کا امکان ہے، جو آئی فون 17 پرو میکس کی 1199 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں 150 سے 200 ڈالر زیادہ ہوگی۔
قیمت میں اضافے کی بڑی وجہ
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ہے۔ ٹرینڈ فورس کے اندازے کے مطابق 256 جی بی میموری چِپ کی قیمت ایک سال کے دوران تقریباً 400 فیصد بڑھ چکی ہے۔
تحقیقاتی ادارے نے یہ بھی اندازہ لگایا ہے کہ 256 جی بی پرو ماڈل کی مجموعی پیداواری لاگت گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 38 فیصد بڑھ گئی ہے۔
View this post on Instagram
ایپل ممکنہ طور پر اضافی لاگت کا کچھ حصہ خود برداشت کرتے ہوئے اپنے منافع میں کمی کرسکتا ہے، بجائے اس کے کہ تمام اضافی اخراجات صارفین پر منتقل کیے جائیں۔
عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کے لیے میموری کی بڑھتی ہوئی طلب نے بھی برقی مصنوعات کی صنعت میں میموری کی قیمتوں میں اضافے میں کردار ادا کیا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون اس سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔ ٹرینڈ فورس کے مطابق اس کی ابتدائی قیمت 2099 سے 2299 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ زیادہ اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 3000 ڈالر سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فولڈ ایبل فون کی دوڑ میں شیاؤمی نے ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا
معیاری آئی فون 18 کی آمد 2027 کی بہار تک متوقع نہیں، تاہم ٹرینڈ فورس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اس کی قیمت میں بھی 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔
ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو ہونے والی تقریب میں آئی فون 18 پرو سیریز سمیت نئے مصنوعات متعارف کرانے اور ان کی باضابطہ قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔














