وزیراعظم کا ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے تاریخی فیصلہ، چھوٹے کاروبار کے لیے شاندار پیکیج کا اعلان

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے 3 ارب روپے کے رسک پول کا شاندار اعلان کیا ہے۔

اس اقدام سے تاجر برادری کو برآمدی انشورنس کوریج ملے گی جس سے ملکی معیشت مزید مستحکم اور عالمی سطح پر مقابلے کا رجحان بڑھے گا۔

ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ای ڈی ایف اور ’ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان‘ کی جانب سے بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدی انشورنس کوریج کی فراہمی کا شاندار الفاظ میں خیرمقدم کیا۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے جائیکا کے صدر کی ملاقات، معدنیات، ہنرمندی اور ایس ایم ایز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم نے کہا کہ 3 ارب روپے کا نیا رسک پول ایس ایم ایز کے لیے ایکسپورٹ کریڈٹ انشورنس تک رسائی کو وسیع کرے گا، جس سے کاروباری برادری بغیر کسی خوف کے اپنی برآمدات کا حجم بڑھا سکے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں درمیانے درجے کے کاروبار کا فروغ معاشی ترقی کے لیےانتہائی خوش آئند اور ناگزیر اقدام ہے۔

ای ڈی ایف کی تنظیم نو اور فنڈز کا شفاف استعمال

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ای ڈی ایف کی تنظیم نو کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور اب اس کی قیادت نجی شعبے کے تجربہ کار ماہرین کے سپرد کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم نے ملکی معیشت کو تقویت دینے اور ان شاندار اصلاحات پر ای ڈی ایف کی ٹیم کی بھرپور پذیرائی کی۔

بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ ادارے کے پاس موجود 24 ارب روپے کا مکمل سرمایہ اب صرف اور صرف کاروباری برادری کی سہولت اور سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے گا اور مزید انفراسٹرکچر کی مد میں کسی قسم کا خرچہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات برآمدات پر مبنی معیشت کو پروان چڑھانے کے حکومتی وژن کی تکمیل ہیں۔

تحقیق، مسابقت اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی توسیع

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ای ڈی ایف میں ملکی معیشت کی ترقی، جدید تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت بڑھانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید برآں پاکستان کی یورپی مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے ’جی ایس پی پلس اسٹیٹس‘ میں توسیع کے حوالے سے بھی مؤثر سفارتی اور تجارتی حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان بروقت اور اہم اقدمات کے ذریعے پاکستان بہت جلد عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا ایک پرکشش مرکز بن کر ابھرے گا۔

مزید پڑھیں:تاجروں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح، برآمدکنندگان اور ایس ایم ایز کو مزید سہولیات دیں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

واضح رہے کہ پاکستان کو اس وقت تجارتی خسارے پر قابو پانے اور زر مبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے اپنی برآمدات میں ہنگامی بنیادوں پر اضافے کی ضرورت ہے۔

ماضی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو بین الاقوامی سطح پر درپیش مالیاتی خطرات (رسک) کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا، جسے حل کرنے کے لیے موجودہ حکومت نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کو نجی شعبے کے سپرد کر کے یہ تاریخی پیکج متعارف کرایا ہے۔

اس اہم اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، ای ڈی ایف بورڈ کے چیئرمین عمر سعید اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp