نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدر، وزیراعظم، فیلڈ مارشل، اپنی جانب سے اور پاکستانی عوام کی طرف سے شاہی خاندان اور ناروے کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ ہاکون ہشتم نے ناروے کی سلطنت سنبھال لی
نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے۔ شاہ ہیرالڈ پنجم کا انتقال 89 برس کی عمر میں ہوا تھا اور ان کی آخری رسومات 9 ستمبر کو اوسلو میں ہوں گی۔
اسحاق ڈار اور ایسپن بارتھ ایدے نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔














